بھارت کے خلاف ٹیم اپنی مثبت اور جارحانہ حکمتِ عملی برقرار رکھے گی ، صاحبزادہ فرحان

کولمبو ۔11فروری (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج اوپنر صاحبزادہ فرحان نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف آئندہ میچ کو غیر معمولی بنانے کے بجائے وہ اسے ایک نارمل مقابلہ سمجھ کر کھیلیں گے، تاہم ٹیم اپنی مثبت اور جارحانہ حکمتِ عملی برقرار رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم حالیہ فتوحات کے اعتماد کے ساتھ میدان میں اترے گی اور پاور پلے میں بھرپور انداز …

کولمبو ۔11فروری (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج اوپنر صاحبزادہ فرحان نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف آئندہ میچ کو غیر معمولی بنانے کے بجائے وہ اسے ایک نارمل مقابلہ سمجھ کر کھیلیں گے، تاہم ٹیم اپنی مثبت اور جارحانہ حکمتِ عملی برقرار رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم حالیہ فتوحات کے اعتماد کے ساتھ میدان میں اترے گی اور پاور پلے میں بھرپور انداز اپنایا جائے گا۔امریکا کے خلاف 32 رنز سے کامیابی کے بعد کولمبو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ وہ 15 فروری کو ہونے والے اہم میچ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

ہم وہی مائنڈ سیٹ لے کر جائیں گے جو ہم نے ایشیا کپ سمیت بھارت کے خلاف ماضی کے میچز میں اپنایا تھا ، ہم مثبت رہیں گے اور جارحانہ کرکٹ کھیلیں گے، میں بھارت کے خلاف میچ سمیت کسی بھی ٹیم کا دبائو نہیں لیتا اور اپنی نارمل بیٹنگ کرتا ہوں۔ امریکا کے خلاف میچ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار تھی اور ایسے حالات میں 190 رنز بنانا ایک بڑی کامیابی تھی۔ کل پریکٹس کے دوران ہی مجھے اندازہ ہوگیا تھا کہ گیند اچھے طریقے سے بلے پر آ رہی ہے، میں نے اپنے بیٹنگ کوچ کو بھی بتایا تھا کہ مجھے میچ کے لیے اچھا احساس ہو رہا ہے، میں پراعتماد تھا اور چاہتا تھا کہ اننگز کو اس انداز میں ختم کروں کہ پلیئر آف دی میچ بنوں۔

واضح رہے کہ صاحبزادہ فرحان نے امریکا کے خلاف 41 گیندوں پر 73 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس کی بدولت پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 190 رنز بنائے۔ جواب میں امریکا کی ٹیم 158 رنز تک محدود رہی۔ پاکستانی سپنرز نے بھی مؤثر کارکردگی دکھائی اور یوں گرین شرٹس نے ٹورنامنٹ میں اپنی مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ جب بیٹر رنز سکور کرتا ہے تو اس کا اعتماد بڑھتا ہے۔ میں گزشتہ پانچ، چھ ماہ سے مسلسل اچھی کرکٹ کھیل رہا ہوں جس کا فائدہ مجھے اس ورلڈ کپ میں بھی مل رہا ہے۔ میرا ذاتی ہدف ہے کہ اس ٹورنامنٹ میں کم از کم دو سے تین پلیئر آف دی میچ ایوارڈز جیتوں۔

انہوں نے بطور اوپنر اپنی ذمہ داری پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان کا اور صائم ایوب کا کردار پاور پلے میں ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کرنا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اوپنر کو اٹیک کرنا ہوتا ہے۔ کپتان نے ہمیں واضح ہدایت دی ہے کہ ابتدائی چھ اوورز میں دباؤ برقرار رکھیں، میں فطری طور پر جارحانہ انداز اپناتا ہوں اور اسی برانڈ کی کرکٹ کھیلوں گا۔ بھارت کے خلاف میچ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اسے غیر ضروری دباؤ کا باعث نہیں بنانا چاہیے۔

ایشیا کپ میں بھی ہم نے بھارت کے خلاف بھرپور مقابلہ کیا تھا، اتوار کا میچ ہمارے لیے ایک نارمل میچ ہوگا اور ہم اسی طرح کھیلیں گے جیسے باقی میچ کھیلتے ہیں البتہ ہم اپنے دو میچز کی جیت کا اعتماد ساتھ لے کر میدان میں اتریں گے۔ یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں پاکستان اپنے ابتدائی دونوں میچ جیت چکا ہے اور گروپ میں مضبوط پوزیشن رکھتا ہے۔ پاکستان اپنا اگلا میچ اتوار کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا جس کے لیے شائقین کرکٹ میں زبردست جوش و خروش پایا جاتا ۔