بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر بھکر پولیس الرٹ ہے، دریائی چیک پوسٹوں پر جوان شہریوں کی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے
بھکر ،بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر بھکر پولیس الرٹ، دریائی چیک پوسٹوں پر جوان شہریوں کی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار

مزید خبریں
بھکر۔ 23 جولائی (اے پی پی):بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر بھکر پولیس الرٹ ہے، دریائی چیک پوسٹوں پر جوان شہریوں کی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔حکومتِ پنجاب کے عوامی خدمت کے جذبے اور انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب عبدالکریم کی ہدایات کے مطابق پنجاب پولیس بارشوں اور ممکنہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور فوری امداد کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے۔آئی جی پنجاب نے بالخصوص دریائی چیک پوسٹوں کو ہر وقت الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کی ہدایت جاری کی ہے۔اسی سلسلے میں ریجنل پولیس آفیسر سرگودھا محمد شہزاد آصف خان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بھکر شہزاد رفیق اعوان کی سربراہی میں بھکر پولیس عوامی خدمت کے اس مشن کی تکمیل کے لیے دن رات مصروفِ عمل ہے۔
دریائے سندھ پر قائم تین دریائی چیک پوسٹوں پر تعینات پولیس جوان دریائی اور نشیبی علاقوں میں مسلسل گشت، نگرانی، ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال میں شہریوں کو بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔ بھکر پولیس عوامی خدمت کے جذبے کے تحت آئی جی پنجاب عبدالکریم کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔بھکر پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارشوں یا سیلاب سے متعلق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں۔ پنجاب پولیس آپ کی جان و مال کے تحفظ اور ہر ممکن امداد کے لیے الرٹ ہے۔








