وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں سکیورٹی فورسز کے جاری کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کا مستونگ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

مزید خبریں
اسلام آباد۔23جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں سکیورٹی فورسز کے جاری کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے دلیرانہ کارروائی کے دوران اب تک 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا ہے جو فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آپریشن خطے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔
محمد حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز دشمن کے ہر خطرے اور سازش سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں فورسز کا عزم بلند ہے اور 24 کروڑ عوام اپنی افواج اور سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن اور دہشت گرد عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، پاک وطن کے امن و استحکام کے لیے سکیورٹی فورسز کی بے مثال قربانیاں اور کامیاب آپریشنز پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔








