وفاقی جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں آئی سی ٹی سے آراستہ جدید لائبریری کا افتتاح، انصاف کی فراہمی میں ڈیجیٹل اصلاحات جاری رہیں گی، اعظم نذیر تارڑ

وفاقی جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں آئی سی ٹی سے آراستہ جدید لائبریری کا افتتاح، انصاف کی فراہمی میں ڈیجیٹل اصلاحات جاری رہیں گی، اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد۔23جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت قانونی اداروں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ملک بھر میں انصاف تک رسائی کو مزید موثر، آسان اور شفاف بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو وفاقی جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں آئی سی ٹی سے آراستہ جدید لائبریری کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مستند قانونی معلومات اور جدید تحقیقی سہولیات تک رسائی، نظام انصاف کو مضبوط بنانے، قانونی تعلیم کے معیار کو بہتر کرنے اور عدالتی فیصلوں کے معیار کو مزید موثر بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی ٹی سے آراستہ یہ لائبریری وزارت قانون و انصاف کے وسیع تر اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہے جس کا مقصد ڈیجیٹل تبدیلی، ادارہ جاتی استحکام اور عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے امید ظاہر کی کہ یہ لائبریری ججز، وکلاء اور قانونی برادری کے دیگر افراد کے لیے قانونی تحقیق اور پیشہ ورانہ تربیت کا ایک مثالی مرکز ثابت ہوگی۔ انہوں نے وزارت قانون و انصاف کے ڈویلپمنٹ ونگ کو منصوبے کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پاکستان میں علم پر مبنی قانونی نظام کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ وزارت قانون و انصاف کے جوائنٹ سیکرٹری شہزاد نواز چیمہ نے شرکا کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ آئی سی ٹی سے آراستہ لائبریریاں قانونی تحقیق، پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے فروغ اور مستند قانونی مواد تک رسائی میں اہم کردار ادا کریں گی۔آئی سی ٹی-این ایبلڈ لائبریریز منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر محمد جاوید نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نئی لائبریری جدید انفراسٹرکچر، ڈیجیٹل سہولیات، مربوط آئی سی ٹی نظام، تحقیقی معاونت اور تقریباً پانچ ہزار قانونی کتب و جرائد پر مشتمل ذخیرے سے آراستہ ہے جو قانونی تحقیق اور تعلیم کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اظہار تشکر کرتے ہوئے منصوبے کی تکمیل میں کردار ادا کرنے والے اداروں اور افراد کی خدمات کو سراہا۔ اسلام آباد بار کونسل کے رکن راجہ علیم خان عباسی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔اس سے قبل وفاقی وزیر قانون و انصاف نے آئی سی ٹی سے آراستہ لائبریری کا باضابطہ افتتاح کیا اور مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا۔ انہوں نے جدید سہولیات اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ قانونی تحقیق، تعلیم اور شعبہ انصاف سے وابستہ پیشہ ور افراد کی استعداد کار بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔افتتاحی تقریب میں وفاقی عدالتوں اور ٹربیونلز کے ججز، بار کونسلز اور بار ایسوسی ایشنز کے نمائندگان، وزارت قانون و انصاف کے سینئر افسران، وکلاء برادری اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔