ڈپٹی کمشنر بھکر احسان علی جمالی نے گورنمنٹ کالج برائے خواتین میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالبات کو تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت مند اور بااعتماد ماحول فراہم کرنا بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے
بیداری فاؤنڈیشن کی جانب سے کالج کی طالبات میں 100 سائیکلیں مفت تقسیم کی گئیں،ڈپٹی کمشنر بھکر

مزید خبریں
بھکر۔ 16 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بھکر احسان علی جمالی نے گورنمنٹ کالج برائے خواتین میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالبات کو تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت مند اور بااعتماد ماحول فراہم کرنا بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔تقریب کے دوران بیداری فاؤنڈیشن کی جانب سے کالج کی طالبات میں 100 سائیکلیں مفت تقسیم کی گئیں۔
سائیکلوں کی فراہمی کا بنیادی مقصد طالبات کو آمدورفت کی بہتر سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی جسمانی صحت، خود اعتمادی اور تعلیمی سرگرمیوں میں شرکت کو فروغ دینا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ طالبات کے لیے سفری سہولیات میں بہتری سے نہ صرف انہیں روزمرہ آمدورفت میں آسانی ہوگی بلکہ وہ زیادہ خوداعتمادی کے ساتھ اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گی۔
انہوں نے بیداری فاؤنڈیشن کی جانب سے طالبات کے لیے اس فلاحی اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں سرکاری اداروں کے ساتھ نجی و فلاحی اداروں کا تعاون معاشرے میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنتا ہے۔تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ حسن نذیر، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن، گورنمنٹ کالج برائے خواتین کی پرنسپل اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔







