بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو واپس لانے کےلئے حکومت خصوصی اقدامات اٹھا رہی ہے، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا پیغام

اسلام آباد ۔ 10 اپریل (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے وجہ پوری دنیا میں معاشی بحران پیدا ہو رہا ہے جس کی وجہ بیرون ملک روزگار کے سلسلہ میں مقیم پاکستانی بھی متاثر ہوئے ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو واپس لانے کےلئے حکومت خصوصی اقدامات اٹھا رہی ہے، حکومت مشکل کی اس گھڑی میں اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ کھڑی …

اسلام آباد ۔ 10 اپریل (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے وجہ پوری دنیا میں معاشی بحران پیدا ہو رہا ہے جس کی وجہ بیرون ملک روزگار کے سلسلہ میں مقیم پاکستانی بھی متاثر ہوئے ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو واپس لانے کےلئے حکومت خصوصی اقدامات اٹھا رہی ہے، حکومت مشکل کی اس گھڑی میں اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ کھڑی اور انہیں وطن واپس لانے کےلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لیا جائے گا، انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو واپس لانے کے سلسلہ میں پیر کو سول ایوی ایشن کے وزیر اور پی آئی اے سمیت متعلقہ حکام کو طلب کر لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کورونا وائرس کے باعث بیرون ملک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کے نام جاری پیغام میں کیا۔ سپیکر کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اوورسیز پاکستانیوں کے مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بیرون ملک سے پاکستانیوں کی واپسی کےلئے فلائٹ آپریشن چلا رہی ہے جو دنیا کے مختلف ممالک میں پھنسے پاکستانی بھائیوں تک پہنچیں گی۔ انہوں نے کہا کہ 10 روز میں تمام بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ فلائٹس چلائی جا سکیں۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ تبلیغی جماعت کے بھائیوں اور زائرین کےلئے خصوصی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ذیلی کمیٹی تمام امور کا جائزہ لے رہی ہے جس کے بعد کمیٹی مسلسل بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے مسائل کے حل کےلئے کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانوں کو فعال کرنے کی ہدایات کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو پھر بھی مسئلہ درپیش ہو تو مجھ سے براہ راست رابطہ کریں۔

مزید خبریں