منسک ۔7اکتوبر (اے پی پی):بیلاروس اور اومان نے ویزا فری معاہدے پر دستخط کر دیے ،اس کے تحت دونوں ممالک کے شہریوں کو اب 30 دن تک ایک دوسرے کے ملک میں بغیر ویزے کے داخلے، خروج اور ٹرانزٹ کی اجازت حاصل ہوگی بشرطیکہ ان کے قومی پاسپورٹس کی میعاد آمد کی تاریخ سے کم از کم چھ ماہ باقی ہوں اور ایک کیلنڈر سال میں مجموعی قیام 90 دن …
بیلاروس اوراومان نے ویزا فری معاہدے پر دستخط کردیے

مزید خبریں
منسک ۔7اکتوبر (اے پی پی):بیلاروس اور اومان نے ویزا فری معاہدے پر دستخط کر دیے ،اس کے تحت دونوں ممالک کے شہریوں کو اب 30 دن تک ایک دوسرے کے ملک میں بغیر ویزے کے داخلے، خروج اور ٹرانزٹ کی اجازت حاصل ہوگی بشرطیکہ ان کے قومی پاسپورٹس کی میعاد آمد کی تاریخ سے کم از کم چھ ماہ باقی ہوں اور ایک کیلنڈر سال میں مجموعی قیام 90 دن سے زائد نہ ہو۔
چینی خبررساں ادارے شنہوا کے مطابق یہ معاہدہ بیلاروس کے صدر الیکساندر لوکاشینکو اور اومان کے سلطان ہیثم بن طارق آل سعید کی موجودگی میں دستخط کیا گیا۔تقریب کے دوران دونوں ممالک کے درمیان متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے اہم معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے جن میں باہمی تعاون کا روڈ میپ، بیلاروس میں پَیپَر اور پلپ مل کی تعمیر کا معاہدہ اور عدالتی شعبے میں تعاون کے لیے اعلیٰ عدالتوں کے درمیان مفاہمتی یادداشت شامل ہے۔
مزید برآں، بیلاروس کے این۔ این۔ الیگزانڈروف نیشنل کینسر سینٹر اور اومان کے سلطان قابوس کینسر ریسرچ اینڈ کیئر سینٹر کے درمیان آنکولوجی (کینسر کے علاج)کے شعبے میں سائنسی و طبی تحقیق کے فروغ کے لیے معاہدہ طے پایا۔زراعت، مویشی پالنے، ماہی گیری اور خوراک کے شعبے میں تعاون کے لیے بھی دونوں ممالک کی وزارتوں کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔








