برسلز۔24مارچ (اے پی پی):بیلجئیم میں پاکستان کے سفارتخانے نے یومِ پاکستان باوقار انداز میں پرچم کشائی کی تقریب کے ساتھ منایا۔منگل کو برسلز میں پاکستانی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق یورپی یونین، بیلجئیم اور لکسمبرگ کے لیے پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی نے قومی ترانے کی دھن پر قومی پرچم لہرایا۔اس موقع پر صدرِ مملکت، وزیرِاعظم اور نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے …
بیلجئیم میں پاکستان کے سفارتخانے میں یومِ پاکستان پر پرچم کشائی کی تقریب

مزید خبریں
برسلز۔24مارچ (اے پی پی):بیلجئیم میں پاکستان کے سفارتخانے نے یومِ پاکستان باوقار انداز میں پرچم کشائی کی تقریب کے ساتھ منایا۔منگل کو برسلز میں پاکستانی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق یورپی یونین، بیلجئیم اور لکسمبرگ کے لیے پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی نے قومی ترانے کی دھن پر قومی پرچم لہرایا۔اس موقع پر صدرِ مملکت، وزیرِاعظم اور نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔اپنے خطاب میں سفیر رحیم حیات قریشی نے 23 مارچ 1940 کی قراردادِ پاکستان کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کیا اور قائدِ اعظم محمد علی جناح کی بصیرت افروز قیادت اور بانیانِ پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ یومِ پاکستان ایسے وقت میں منایا جا رہا ہے جب خطہ متعدد چیلنجز اور تنازعات کا سامنا کر رہا ہے۔
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے پائیدار اصولوں کی رہنمائی میں قوم عزم اور اجتماعی قوت سے ان چیلنجز پر قابو پا لے گی۔دہشت گردی کے خلاف ہر شکل میں پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے رحیم حیات قریشی نے ان بہادر مردوں اور خواتین کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے وطن کی خدمت میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے امن و استحکام کے قیام میں پاکستان کے شہداء اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو بھی سراہا۔
رحیم حیات قریشی نے بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے ان کے حقِ خودارادیت پر زور دیا اور ان کی مسلسل قربانیوں کو سراہا۔انہوں نے بیلجیم، لکسمبرگ اور یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ یورپی یونین پاکستان کا دوسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔
انہوں نے یورپ بھر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی محنت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قیمتی خدمات کو سراہا اور بیرونِ ملک پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں ان کے اہم کردار کو تسلیم کیا۔تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد، بشمول کاروباری شخصیات، صحافیوں اور کمیونٹی نمائندگان نے شرکت کی۔تقریب کا اختتام پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کے ساتھ ہوا۔








