بیلجیئم کے ٹم مرلیئرنے گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کا 18واں مرحلہ جیت لیا

115
Tour de Suisse cycle race

روم۔24مئی (اے پی پی):بیلجیئم کے سائیکل سوار ٹم مرلیئر نے گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کا 18 واں مرحلہ جیت لیا۔ اٹلی میں گیرو ڈی اٹالیہ کا 107 واں ایڈیشن جاری ہے جس میں سائیکلنگ کی دنیا کے نامور سائیکل سوار ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔ گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کے 18ویں مرحلے میں سائیکل سوار وں نے فیرا دی پریمیرو سے پادوا تک کا فیصلہ طے کرناتھا۔

یہ مرحلہ سیدھا تھا ، جس کا فاصلہ 178کلو میٹر پر محیط تھا ۔31 سالہ بیلجیئم کے سائیکل سوار ٹم مرلیئر نے عمدہ سائیکلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 178کلومیٹر کا فاصلہ 3گھنٹے 45منٹ اور 44 سیکنڈز میں طے کرکے 18ویں مرحلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ 23سالہ اطالوی سائیکل سوارجوناتھن میلان نے دوسری جبکہ 25 سالہ آسٹریلوی سائیکلسٹ کیڈن گرووزنے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ریس میں سلووینیا کے سائیکل سوارتڈیج پوگاچر کا پنک جرسی پر قبضہ برقرار ہے ۔

گیرو ڈی اٹالیہ ایک گرینڈ ٹور سائیکلنگ سٹیج ریس ہے جو تین ہفتوں میں مکمل ہوگی جس میں دنیا کے نامور سائیکلسٹ شریک ہیں۔ گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس 21 مرحلوں پر محیط ہے جس میں سائیکل سوار 3400.8 کلو میٹر کا سفر طے کریں گے۔ گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس میں 22 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔ گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس 23 روز جاری رہنے کے بعد 26 مئی کو اختتام پذیر ہوگی