بیمار اور بند صنعتی یونٹس کی بحالی کے لئے پاکستان کارپوریٹ ری سٹرکچرنگ کمپنی کو مکمل تعاون فراہم کریں گے ، مشیر خزانہ شوکت ترین کا اجلاس سے خطاب

110

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات شوکت ترین نے بیمار اور بند صنعتی یونٹس کی بحالی کے لئے پاکستان کارپوریٹ ری سٹرکچرنگ کمپنی لمیٹڈ (پی سی آر سی ایل )کو مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے ۔ انہوں نے یہ یقین دہانی جمعرات کو یہاں بیمار اور بند صنعتی یونٹس کی بحالی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کرائی ۔

اجلاس میں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار ، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود ، سیکرٹری صنعت و پیداوار چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان ، ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک ، ایم ڈی یوٹیلٹی سٹور ، سی ای او پی سی آر سی ایل اور سینئر حکام نے شرکت کی ۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر پی سی آر سی ایل نے کمپنی کی کارکردگی اور بیمار و بند صنعتی یونٹس کی بحالی کے اقدامات بارے میں پرزنٹیشن دی ۔ انہوں نے کمپنی کے کامیاب آپریشنز میں حائل رکاوٹوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور اس ضمن میں حکومت سے معاونت طلب کی ۔ وزیراعظم کے مشیر نے کمپنی کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور کہاکہ بیمار اور بند صنعتی یونٹس کی بحالی میں مکمل معاونت فراہم کی جائے گی ۔

انہوں نے کمپنی کو موثر انداز میں چلانے کے لئے ڈھانچہ جاتی بتدیلیوں کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس سے کمپنی کی کارکردگی اور استعداد کار میں بہتری آئے گی ۔ شوکت ترین نے کہاکہ بیمار اور بند صنعتی یونٹس کی بحالی کے لئے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا کیونکہ یہ ملکی معیشت کی ترقی کیلئے ضروری ہے ۔

دریں اثنا مشیر خزانہ شوکت ترین سے امریکہ کے لئے پاکستان کے نامزد سفیر مسعود خان نے ملاقات کی ۔ مشیر خزانہ نے نئی ذمہ داریوں کے لئے تعیناتی پر مسعود خان کو مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ تاریخی تعلقات پرروشنی ڈالتے ہوئے مسعود خان نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ۔

مشیر خزانہ نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارت ، اقتصادیات اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں بڑھوتری کی وسیع تر استعداد موجود ہے ۔ انہوں نے پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے نامزد پاکستانی سفیر کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔