بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی،فیصل مسجد میں قیام اللیل کا اہتمام،500 معتکفین بھی شریک

اسلام آباد۔15مارچ (اے پی پی):فیصل مسجد اسلام آباد میں دعوہ اکیڈمی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد اور وفاقی وزارتِ مذہبی امور پاکستان کے اشتراک سے قومی محفلِ شبینہ قيام الليل رمضان المبارک کے آخری عشرے میں جاری ہے۔قیام اللیل کی افتتاحی تقریب میں مختلف مذہبی، علمی اور سماجی شخصیات کے علاوہ 500 معتکفین نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل دعوہ اکیڈمی، …

اسلام آباد۔15مارچ (اے پی پی):فیصل مسجد اسلام آباد میں دعوہ اکیڈمی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد اور وفاقی وزارتِ مذہبی امور پاکستان کے اشتراک سے قومی محفلِ شبینہ قيام الليل رمضان المبارک کے آخری عشرے میں جاری ہے۔قیام اللیل کی افتتاحی تقریب میں مختلف مذہبی، علمی اور سماجی شخصیات کے علاوہ 500 معتکفین نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل دعوہ اکیڈمی، پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس نے وفاقی وزیرِ مذہبی امور سردار محمد یوسف، سیکریٹری وزارت مذہبی امور ڈاکٹر ساجد محمود چوہان اور ڈائریکٹر جنرل وزارتِ مذہبی امور حافظ عبدالقدوس کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ قومی محفلِ شبینہ کا دورانیہ ماضی میں صرف تین راتوں پر مشتمل ہوتا تھا، تاہم وزارتِ مذہبی امور کے خصوصی تعاون سے اب اسے سات راتوں تک بڑھا دیا گیا ہے تاکہ قرآن کریم خوب ٹھہر ٹھہر پڑھنے اور اس کا حق ادا کرنے کی کاوش کے ساتھ ساتھ سننے والوں کی سہولت کا لحاظ بھی مقدم رکھا جا سکے، جو کہ ایک بڑی سعادت اور قابلِ قدر اقدام ہے۔ انہوں نے اس سلسلے کو جاری رکھنے پر حکومتِ پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 1989ء سے شروع ہونے والا یہ روحانی سلسلہ آج بھی اسی جذبے سے جاری ہے۔

ڈائریکٹر جنرل دعوہ اکیڈمی نے فیصل مسجد کے معتکفین کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک دراصل قرآن سے تعلق مضبوط کرنے کا مہینہ ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں افواجِ پاکستان، امن عامہ کے تمام اداروں اور ملکی ترقی کے لیے بھی دعا کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل وزارتِ مذہبی امور حافظ عبدالقدوس نے کہا کہ وزارتِ مذہبی امور اور دعوہ اکیڈمی کے درمیان یہ روحانی و دینی اشتراک ایک طویل عرصے سے جاری ہے جہاں ملک بھر سے ضلعی، صوبائی اور قومی سطح پر ہونے والے مقابلہ جات میں کامیابی حاصل کرنے والے قراء کرام کو فیصل مسجد میں قیام اللیل میں قرآنِ کریم سنانے کے لیے منتخب کیا جاتا ہے۔ اس اقدام کا مقصد قرآنِ کریم کی تلاوت کو فروغ دینا اور نوجوان قراء کو اپنی صلاحیتیں پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔قیام اللیل کی پہلی چار رکعتیں اور پہلے پارے کی تلاوت پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس نے کی، جبکہ دوسرے پارے کی تلاوت قاری خالد محمد درانی نے کی۔ اسی طرح تیسرے اور چوتھے پارے کی تلاوت قاری ساجد کمال اور قاری یحییٰ انور نے کی۔تقریب کی میزبانی کے فرائض ڈاکٹر قاری ضیاء الرحمن، انچارج فیصل مسجد اسلامک سنٹر نے انجام دیئے۔

مزید خبریں