اس سال پاکستان دنیا بھر میں معاشی طور پر ابھرتا ہوا ملک نظر آ رہا ہے،اس کی معیشت میں استحکام حیران کن ہے، اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان بھی اس بات کا عکاس ہے کہ یہاں اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے، شرح نمو 4 فیصد سے بڑھ کر 5 فیصد ہو گئی،2002ءکے مقابلے میں غربت کی شرح بھی کم ہو کر آدھی رہ گئی،بین الاقوامی جریدے بلوم برگ کی رپورٹ
اسلام آباد ۔ 07 فروری (اے پی پی) بین الاقوامی جریدے بلوم برگ کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معیشت میں حیرت انگیز طور پر بہتری آئی ہے اور پاکستانی معیشت روز بروز مستحکم ہو رہی ہے، ہر سال دنیا بھر میں ایک ملک معاشی طور پر سب سے زیادہ ابھرکر سامنے آتا ہے اور ماضی میں ان ممالک میں جرمنی، میکسیکو اور فلپائن شامل رہے ہیں، ٹیلر کوون نے بلوم برگ میں شائع اپنے ایک آرٹیکل میں لکھا ہے کہ یہ ایک مشکل ہدف ضرور ہے لیکن اس سال میں پاکستان کو یہ ہدف حاصل کرتا ہوا دیکھ رہا ہوں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں استحکام حیران کن ہے، پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان بھی اس بات کا عکاس ہے کہ یہاں اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے جو معاشی استحکام کا باعث بن رہا ہے۔