راولا کوٹ۔15اکتوبر (اے پی پی):صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے بین الاقوامی انسانی فلاحی تنظیم قطر چیریٹی کی طرف سے 243ملین کی خطیر رقم سے ایک لاکھ سے زیادہ یتیم اور غریب بچوں کی مدد کو سماجی شعبے میں کام کرنے والوں کے لئے روشن مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ بے سہارا بچوں کی مدد کرنے والے ہمارے محسن اور حقیقی خیر خواہ ہیں کیونکہ وہ اپنی کوششوں مال …
بے سہارا بچوں کی مدد کرنے والے ہمارے محسن ہیں ،صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان کا قطر چیریٹی کی تقریب سے خطاب
راولا کوٹ۔15اکتوبر (اے پی پی):صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے بین الاقوامی انسانی فلاحی تنظیم قطر چیریٹی کی طرف سے 243ملین کی خطیر رقم سے ایک لاکھ سے زیادہ یتیم اور غریب بچوں کی مدد کو سماجی شعبے میں کام کرنے والوں کے لئے روشن مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ بے سہارا بچوں کی مدد کرنے والے ہمارے محسن اور حقیقی خیر خواہ ہیں کیونکہ وہ اپنی کوششوں مال اور جذبے سے حقدار بچوں کی مدد کر کے ہمارا قرض اور معاشرے کا فرض ادا کر تے ہیں۔ یتیم بچوں کی مدد کا تصور دنیا کے تمام مذاہب میں موجود ہے لیکن اسلام واحد مذہب ہے جس نے اس کو فرض قرار دیا ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کوراولاکوٹ میں قطر چیریٹی کے زیر اہتمام یتیم اور بے سہارا بچوں میں امدادی رقم کے چیک تقسیم کرنے سے پہلے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے قطر چیئرٹی کے کنٹری پروگرام منیجر محمد وقاص، پروگرام کوارڈینیٹر عمران خان، پروگرام آفیسر نعیم الحق، فیلڈ سپروائزر امجد ندیم نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ سردار ذاکر شیر افضل، سردار مرتضیٰ صادق،راولاکوٹ کے شہریوں کے علاوہ یتیم بچوں اور اُن کے لواحقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ قطر چیریٹی نے 1998ءسے لے کر اب تک بائیس سال میں ایک لاکھ سے زیادہ بچوں کی تعلیم، رہائش ، خوراک، پوشاک اور صحت پر کروڑوں روپے خرچ کر کے معاشرے کے پسماندہ خاندانوں کو آگے لانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اُنہیں یہ جان کر خوشگوار حیرت ہوئی کہ اس تنظیم نے نہایت محنت سے آزادکشمیر کے دور دراز علاقوں میں جا کر غریب اور یتیم بچوں کے اعداد و شمار جمع کیے اور ان اعداد و شمار کی بنیاد پر منظم سائنسی انداز میں اُن بچوں کی مدد اُن کے گھر کی دہلیز تک پہنچائی۔ انہوں نے کہا کہ ہم قطر اور عرب دنیا کے مخیر خواتین و حضرات کی مدد سے ان بچوں کی کفالت پر اُن درد دل رکھنے والے لوگوں کے بھی شکر گزار ہیں جن کے جذبہ خیر خواہی کی بدولت قطر چیئرٹی نے ہمارے بچوں کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھا۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ اس تنظیم کی مدد سے تعلیم مکمل کرنے والے سینکڑوں بچے اس وقت فوج، میڈیکل اور انجینئرنگ کے شعبوں میں تعلیم مکمل کر کے ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری خوش بختی ہے کہ قطر چیئرٹی نے اُن بچوں کی مدد میں ہماری حکومت کی مدد کی جن کے والدین اس دنیا میں نہیں رہے۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ ہم خاص طور پر قطر چیئرٹی کی اُن سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو اس نے 2005ءکے زلزلے کے بعد آزادکشمیر کے متاثرہ اضلاع میں مختلف منصوبے مکمل کر کے انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ قطر چیئرٹی نہ صرف یتیم اور غریب بچوں کی کفالت اور تعلیم کے شعبوں میں مدد کر رہی ہے بلکہ اس تنظیم کے پروگرام میں موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے مختلف پروگرام شروع کرنے اور جدید چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے حوالے سے بھی کئی پروگرام شامل ہیں۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے بار بار یتیم کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھنے اور اُن کی مدد کرنے کا حکم دیا اور یہی تعلیمات ہمیں قرآن پاک میں ملتی ہیں۔ اس لئے معاشرے کے مخیر اور صاحب ثروت لوگ سماجی تنظیموں کے ساتھ مل کر ایسے حقدار بچوں کی مدد کریں تاکہ انہیں احساس محرومی کا شکار ہونے سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یتیم اپنے آپ کو بے بس سمجھیں اور نہ ہی مایوسی کا شکار ہوں اس لئے کہ ہم جانتے ہیں کہ اگر وہ مایوس ہوں گے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ہمارا معاشرہ ناکام ہو گیا ہے۔ صدر سردار مسعود خان نے قطر چیئرٹی کی طرف سے راولاکوٹ اور گرد و نواح سینکڑوں یتیم بچوں کی مدد پر تنظیم کی انتظامیہ اور عطیات دینے والے مخیر حضرات کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قطر چیئرٹی کے کنٹری پروگرام منیجر محمد وقاص نے صدر آزادکشمیر اور شرکاءتقریب کو اور تنظیم کے کام کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ادارہ تیس سے زائد ممالک میں کام کر رہا ہے جن میں سے ایک ملک پاکستان بھی ہے۔ یہ تنظیم حکومت پاکستان کی وزارت داخلہ میں رجسٹرڈ ہے اور اس وقت سات ہزار بچوں کو تعلیم وظائف اور اُن کی دیگر ضروریات پوری کرنے کے لئے سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قطر چیئرٹی صرف آزادکشمیر میں پینتیس سو بچوں کی مدد کرنے کے علاوہ یتیم بچیوں کی شادی کے موقع پر انہیں جہیز اور دیگر اخراجات کے لئے مدد فراہم کرنے کے علاوہ واٹر ایند سینٹیشن، صحت کی سہولتوں کی تعمیر ، ہسپتالوں میں آلات کی فراہمی، ہیلتھ سٹاف کی ٹریننگ کے علاوہ کسی بھی قدرتی آفت کے بعد متاثرہ آبادی کی مدد کے لئے سرگرم کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قطر چیئرٹی نے مظفرآباد، باغ اور راولاکوٹ میں اپنے باقاعدہ دفاتر قائم کر رکھے ہیں جبکہ لیپہ اور کچھ عرصہ پہلے زلزلے کے بعد میرپور میں ریلیف اور بحالی کے کام میں حصہ لیا۔









