تاجران موتی بازار کے وفد کا دورہ آر سی سی آئی

انجمن تاجران موتی بازار کے صدر وہاب بھٹی کی قیادت میں تاجروں کے ایک وفد نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کا دورہ کیا اور قائم مقام صدر خالد فاروق قاضی سے ملاقات کی۔

راولپنڈی۔ 24 جولائی (اے پی پی):انجمن تاجران موتی بازار کے صدر وہاب بھٹی کی قیادت میں تاجروں کے ایک وفد نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کا دورہ کیا اور قائم مقام صدر خالد فاروق قاضی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر نائب صدر فہد برلاس، سابق صدر جلیل ملک، ایگزیکٹو ممبران بدر ہارون، مز نورین غفار سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران تاجربرادری کو درپیش مسائل، کاروباری سہولیات، ٹیکس سے متعلق امور اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے خالد فاروق قاضی کو قائم مقام صدر کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر انجمن تاجران موتی بازار کے وفد نے آر سی سی آئی کی قیادت کو موتی بازار کے دورے کی دعوت بھی دی تاکہ تاجروں کو درپیش مسائل کا موقع پر جائزہ لیا جا سکے۔قائم مقام صدر خالد فاروق قاضی نے وفد کو یقین دلایا کہ آر سی سی آئی تاجر برادری کے جائز مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر تاجروں کے ساتھ مسلسل رابطے پر یقین رکھتا ہے اور جلد ہی موتی بازار کا دورہ کرکے تاجروں کے مسائل کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔