اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ تاجر برادری حکومتی پالیسیوں پر عمل کرتے ہوئے ذمہ داری سے ٹیکس ادا کرکے معیشت میں اپنا حصہ ڈالے ۔ یہ بات انہوں نے منگل کو خیبر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔
وزارت تجارت کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق نگران وفاقی وزیر برائے تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں جیمز اینڈ جیولری سیکٹر کی بحالی اور اس شعبے میں پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لیے تحقیق کو فروغ دینے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ تمام ممالک کے ساتھ قانونی تجارتی میکانزم کو برقرار رکھنے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدی طریقہ کار کو ہموار کرنے میں تاجر برادری کے ساتھ بھرپور معاونت کر رہی ہے ۔ اس موقع پر چیمبر کے نمائندوں نے خیبر پختونخوا میں مذبح خانوں کی بحالی میں مدد کی درخواست کی۔ چیمبر نے خیبرپختونخوا سے برآمدات کو بڑھانے کے لیے ایک بین الاقوامی تجارتی سمٹ کے انعقاد کی تجویز پیش کی۔
تجارتی برادری کو وسطی ایشیائی ممالک کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بااختیار بنانے کے لیے ٹرانزٹ ٹریڈ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر اعجاز نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ حکومتی پالیسیوں پر عمل کرتے ہوئے اور ذمہ داری سے ٹیکس ادا کرتے ہوئے معیشت میں اپنا حصہ ڈالیں۔