اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور پاکستان چیمبر آف کامرس کوریا (پی سی سی کے) نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون پر خصوصی توجہ کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور صنعتی تعاون کی ترقی کی مشترکہ حوصلہ افزائی اور حمایت پر اتفاق کیا ہے۔یہ سنگ میل اس وقت حاصل ہوا جب بدھ کو یہاں آئی سی سی آئی میں دونوں چیمبرز نے مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے۔
اسلام آباد چیمبر سے جاری اعلامیہ کے مطابق دونوں چیمبرز کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور تعاون کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینے کے لیے ورکشاپس، سیمینارز اور تجارتی میلوں کا اہتمام کریں گے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ناصر منصور قریشی نے ایم او یو پر دستخط کیے جبکہ دوسری طرف سے پاکستان چیمبر آف کامرس ان کوریا (پی سی سی کے) کے چیئرمین جیمز لی نے دستخط کیے۔اس موقع پر اپنے خطاب میں ناصر منصور قریشی نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کا ذکر کرتے ہوئے متنوع شعبوں میں دونوں ممالک کے تجارتی اور معاشی تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ کوریا کے سرمایہ کاروں کو آگے آنا چاہیے اور خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے، جہاں پر سرمایہ کاروں کے لیے متعدد پرکشش مراعات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورین ٹیکنالوجی کی منتقلی، فارماسیوٹیکل سیکٹر کی پیداوار میں مشترکہ منصوبے اور امپورٹ ایکسپورٹ بینک کا قیام دونوں ممالک کی شراکت داری کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ کوریا میں پاکستان چیمبر آف کامرس کے چیئرمین جیمز لی نے کہا کہ چیمبر اپنے قیام کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کاروبار کے فروغ کے لیے ضروری تعاون کے لیے سخت محنت کر رہا ہے۔
انہوں نے آگاہ کیا کہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے تاجروں پر مشتمل ایک بڑا کوریائی وفد مارچ 2025 میں اسلام آباد کا دورہ کرے گا تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے فائدے کے لیے اشتراک اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کی جا سکیں۔سابق صدور زاہد مقبول، طارق صادق اور محمد اعجاز عباسی نے دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز بہت ضروری ہو گا۔
ایئر چیف مارشل (ریٹائرڈ )سہیل امان اور کوریا میں پاکستان چیمبر آف کامرس کے وائس چیئرمین زین تاج نے بھی اس موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر عبدالرحمن صدیقی نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس مفاہمت نامے سے تاجر برادری کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے قریب آئیں گے۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل پاکستان چیمبر آف کامرس کوریا نام گی ہوان، آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران ملک محسن خالد، روحیل انور بٹ، عمر خیام عباسی، سابق ایگزیکٹو ممبر نعیم صدیقی اور دیگر تاجر رہنما بھی موجود تھے۔