تحریک انصاف کی حکومت جب برسر اقتدار آئی تو اس کو معاشی مسائل ورثے میں ملے,وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر

96

اسلام آباد ۔ 11 جون (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت جب برسر اقتدار آئی تو اس کو معاشی مسائل ورثے میں ملے۔ منگل کو قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے کہا کہ پاکستان کا مجموعی قرضہ اور ادائیگیاں تقریباً 31,000 ارب روپے تھیں جبکہ ان میں سے تقریباً 97 ارب ڈالر بیرونی قرضہ جات اور ادائیگیاں تھیں۔ گزشتہ حکومتوں نے بہت سے کمرشل قرضے زیادہ شرح سود پر لئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال کے دوران اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 18 ارب ڈالر سے کم ہو کر 10 ارب ڈالر سے بھی کم رہ گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جاری کھاتوں کا خسارہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر یعنی 20 ارب ڈالر جبکہ تجارتی خسارہ 32 ارب ڈالر تک پہنچ چکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران ہماری برآمدات میں کوئی اضافہ نہیں ہوا یعنی اضافہ کی شرح صفر فیصد رہی۔ وزیر مملکت نے مزید کہا کہ حکومت کے محصولات اور اخراجات کا فرق یعنی مالیاتی خسارہ 2,260 ارب روپے کی خطرناک حد تک بڑھ چکا تھا۔