تربیلا پانچویں توسیعی منصوبہ سے 2025-26 سے بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی،سرکاری عہدیدار

114
Tarbela Fifth Extension Project
Tarbela Fifth Extension Project

اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):تربیلا پانچویں توسیعی منصوبہ سے 2025-26 سے بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔ پیر کو ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ ایک ہزار 530 میگا واٹ پیداواری صلاحیت کا یہ منصوبہ عالمی بینک (ڈبلیو بی)اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی) کی مالی معاونت سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک اور اے آئی آئی بی بالترتیب 390 ملین ڈالر اور 300 ملین ڈالر کی مالی امداد فراہم کر رہے ہیں۔

اس منصوبے کی مجموعی پیداواری صلاحیت 1530 میگاواٹ ہے اور اس سے نیشنل گرڈ کو ہر سال 1.347 بلین یونٹ ماحول دوست اور کم لاگت پن بجلی فراہم کی جائے گی۔ تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کی تکمیل سے تربیلا ڈیم کی پیداواری صلاحیت 4888 میگاواٹ سے بڑھ کر 6418 میگاواٹ ہو جائے گی اور تربیلا پاور ہاؤس ملک میں سب سے زیادہ پن بجلی پیدا کرنے والا ڈیم بن کر ابھرے گا۔