ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان
ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 03 ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی سے سابق ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر خان موسیٰ خیل اور قبائلی رہنما سردار محمد حنیف خان موسیٰ خیل نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے کی مجموعی سیاسی و سماجی صورتحال، موسی خیل سمیت مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی اقدامات اور عوام کو درپیش مسائل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے جامع اقدامات کررہی ہے۔ پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی عمل کو تیز کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، جبکہ دور دراز علاقوں کو بھی ترقی کے عمل میں شامل کرنے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔
سردار بابر خان موسیٰ خیل اور سردار محمد حنیف خان موسیٰ خیل نے وزیر اعلیٰ کو اپنے علاقے کے مختلف عوامی مسائل اور ضروریات سے آگاہ کیا، جن کے حل کے لیے وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی ۔ملاقات میں صوبے میں امن و استحکام، عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی عمل کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔








