سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) نے گاڑیوں سے خارج ہونے والے مضر دھویں اور فضائی آلودگی کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک پولیس کو باضابطہ خط لکھ دیا ہے
سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کا گاڑیوں کے مضر دھویں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

مزید خبریں
کراچی۔ 03 ستمبر (اے پی پی):سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) نے گاڑیوں سے خارج ہونے والے مضر دھویں اور فضائی آلودگی کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک پولیس کو باضابطہ خط لکھ دیا ہے۔جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق سیکرٹری ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و ساحلی ترقی سندھ فیصل عقیلی کی ہدایت پر وہیکولر ایمیشن کنٹرول مہم کا باقاعدہ شیڈول جاری کردیا گیا ہے جس کے تحت یکم ستمبر سے 30 ستمبر 2026تک کراچی کے مختلف اہم مقامات پر گاڑیوں کی ماحولیاتی انسپکشن کی جائے گی۔ ڈی جی سیپا عاشق لانگا کے مطابق سیپا کی ٹیمیں ٹریفک پولیس کے تعاون سے گاڑیوں سے خارج ہونے والے دھویں کا معائنہ کریں گی جبکہ مقررہ ماحولیاتی معیار پر پورا نہ اترنے والی گاڑیوں کے مالکان کو وارننگ، چالان اور مقررہ طریقہ کار کے تحت مزید کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران بلوچ پل، میٹرو پول، فائیو سٹار چورنگی، عائشہ منزل، کورنگی، سہراب گوٹھ ،طارق روڈ اور نیشنل سٹیڈیم چوک سمیت مختلف مقامات پر گاڑیوں کی جانچ کی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ ماحولیاتی معیار کی خلاف ورزی پر چالان شدہ گاڑیوں پر لال سٹیکر چسپاں کیا جائے گا جو گاڑی کی ماحولیاتی خلاف ورزی کی نشاندہی کرے گا اور مالک کو اپنی گاڑی درست کرانے کے لیے 15دن کی مہلت دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ مقررہ مدت میں خرابی دور نہ کرنے کی صورت میں گاڑی بند ہوگی جبکہ گرین سٹیکر ماحولیاتی معیار پر پورا اترنے والی اور کلیئر قرار دی جانے والی گاڑی کی علامت ہوگا۔اس موقع پر سیکرٹری ماحولیات فیصل عقیلی نے متعلقہ حکام کو وہیکولر ایمیشن کنٹرول مہم میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر کسی قسم کی رعایت، سفارش یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ صرف چالان کرنے کی مہم نہیں بلکہ کراچی کے شہریوں، خصوصاً بچوں اور بزرگوں کو آلودہ ہوا کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کی کوشش ہے۔
فیصل عقیلی نے شہریوں سے اپیل کی کہ اپنی گاڑیوں کی فٹنس، انجن اور اخراجی نظام کی بروقت جانچ اور مرمت یقینی بنائیں کیونکہ صاف ہوا کی فراہمی صرف حکومت کی نہیں بلکہ ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔








