لاہور۔10جنوری (اے پی پی):ترقیاتی منصوبہ جات کی بر وقت تکمیل یقینی ہے،فیلڈ سٹاف فرض شناسی سے ڈیوٹی سر انجام دیں۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے بدھ کوڈیپارٹمنٹل ورکنگ پارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مزارات کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے، حکومت پنجاب کے ویژن کی روشنی میں ترقیاتی کام مقررہ میعار اور میعاد میں پورے ہوں گے،بہترین پلاننگ پراسیس و جامع حکمت عملی سے” ماڈل شرائنز” کی تشکیل کا خواب شرمندہ تعبیرہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ مزار مقدسہ کی ماسٹر پلاننگ کے سلسلے میں تاریخ ساز ترقیاتی کام روبہ عمل ہیں،مزارات کی تزئین و مرمت کے منصوبوں کی بر وقت تکمیل یقینی ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر پراجیکٹس اوقاف رفیق نور وٹو،سینئر چیف سپورٹس اینڈ ٹورزم پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ محمد عمران،پلاننگ افسر اوقاف پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ ثانیہ سجاد،ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈ منسٹریشن اوقاف آصف اعجاز،ایکسیئن اوقاف صدر دفتر رانا زوہیب،ایکسیئن اوقاف (نارتھ) قیصر منیر،ایس ڈی او اوقاف وجاہت علی اور ڈرافٹس مین اوقاف محمد افتخارو دیگر افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس میں سیکرٹری اوقاف کی طرف سے دربار حضرت نور شاہ ولی موضع کوٹ نور شاہ جڑانوالہ روڈ سے ملحقہ وقف پراپرٹی پرکمرشل سکیم کی تعمیر کے لیے17 ملین روپے کی منظوری دی گئی۔واضح رہے کہ سیکرٹری اوقاف نے گزشتہ سال دسمبر کو دربار حضرت نور شاہ ولی موضع کوٹ نور شاہ جڑالوالہ روڈ سے ملحقہ وقف پراپرٹی کا جائزہ لیتے ہوئے مذکورہ پراپرٹی پر کارباری کمیونٹی کی سہولیات کو مد نظر رکھنے،ڈویلپمنٹ ورکس جس میں بارہ عدد کمرشل دوکانات،چار دیواری، گیٹ،وضو خانے اور واش رومزکی تعمیرکے حوالے سے خصوصی اقدامات کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں تھیں۔
وزیراعلی کے ویژن کے مطابق محکمہ اوقاف درباروں کی تزئین و آرائش کے ساتھ ریونیو کے حصول کیلئے کمرشل پراجیکٹس پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔اوقاف اور متعلقہ محکمہ جات کے افسران کو سالانہ ترقیاتی پروگرام سال2023-24 کے تحت وقف مزارات و مساجد پر جاری ترقیاتی و تعمیر اتی کاموں کے لیے رواں مالی سال کے جاری فنڈز کی یوٹیلائزیشن اور ترقیاتی سکیموں کے میعار پر کوئی سمجھوتہ کئے بغیر اوقاف لیڈر شپ تعمیر و ترقی کے اہداف کے حصول کی طرف گامزن ہے۔