ترقی پزیر ممالک میں غلط معلومات کے پھیلائو کو روکنے کے لیے میڈیا کی صلاحیتوں اور تکنیکی وسائل کو بڑھانے کی ضرورت ہے، عامر خان

ترقی پزیر ممالک میں غلط معلومات کے پھیلائو کو روکنے کے لیے میڈیا کی صلاحیتوں اور تکنیکی وسائل کو بڑھانے کی ضرورت ہے، عامر خان

اقوام متحدہ۔30مارچ (اے پی پی):پاکستان نے ترقی پزیر ممالک میں جھوٹی خبروں یا غلط معلومات کے پھیلائو کو روکنے کے لیے میڈیا کی صلاحیتوں اور تکنیکی وسائل کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حقائق اور سچ پر مبنی معلومات لوگوں کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عامر خان نے اقوام متحدہ میں غیر رسمی بریفنگ کے دوران کہا کہ نئی ٹیکنالوجیز، خاص طور پر ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز میں تیزی سے ہوتی ہوئی ترقی دنیا پر بڑے اثرات مرتب کر رہی ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی انڈر سیکرٹری جنرل برائے عالمی مواصلات میلیسا فلیمنگ کی جانب سے کمیٹی آن انفارمیشن (سی او آئی ) کے رکن ممالک کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر سالمیت کے مسئلے اور بین الاقوامی ضابطہ اخلاق کے تناظر میں محکمہ عالمی مواصلات کی سرگرمیوں پر دی گئی ایک غیر رسمی بریفنگ کے دوران گفتگو کی ۔ انہوں نے اسلامو فوبیا، زینو فوبیا یعنی غیر ملکیوں سے نفرت، امتیازی سلوک اور نفرت انگیز تقاریر سمیت غلط معلومات کے پھیلائو کے چیلنجز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان مسائل پر مزید بات چیت کی ضرورت ہے۔

پاکستانی مندوب نے تمام اقوام، تنظیموں اور افراد بالخصوص ترقی پذیر ممالک کے لیےابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز تک عالمی رسائی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔اس تناظر میں انہوں نے حال ہی میں اردو میں اقوام متحدہ کی ایک ویب سائٹ یواین خبر نامہ (یو این نیوز لیٹر)کے اجرا کی تعریف کی جس کی رسائی دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں تک حاصل ہے۔

انہوں نے پاکستان میں گزشتہ سال اگست کے تباہ کن سیلاب سمیت دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے آنے والی آفات اورسیلاب کے بعد اظہار یکجہتی کے لیے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل امتونیو گوتریس کے دورہ پاکستان اور ماحولیاتی واقعات کی کوریج کو سراہا۔