ترکیہ میں افراط زر کی شرح میں اکتوبر میں 48.6 فیصد تک کمی

152
ترکیہ میں افراط زر کی شرح میں اکتوبر میں 48.6 فیصد تک کمی

استنبول۔4نومبر (اے پی پی):ترکیہ میں افراط زر کی شرح میں اکتوبر کے دوران 48.6 فیصد تک کمی آئی ہے ۔اے ایف پی کے مطابق ترکیہ کے سرکاری اعداد و شمار نے پیر کو ظاہر کیا کہ ملک میں ستمبر میں افراط زر کی شرح کم ہو کر 49.4 فیصد تک ہو گئی جو کہ توقع سے کم ہے۔

صدر رجب طیب اردوان کی جانب سے قدامت پسند مالیاتی پالیسی کی مخالفت ترک کر نے کے بعد ترکیہ کے مرکزی بینک نے گزشتہ سال بڑھتی ہوئی قیمتوں سے لڑنے کے لیے شرح سود میں اضافہ کرنا شروع کیا ۔ ستمبر میں مرکزی بینک نے لگاتار چھٹے مہینے اپنی بنیادی شرح سود کو 50 فیصد پر مستحکم رکھا۔

کیپٹل اکنامکس ریسرچ فرم کے ابھرتے ہوئے یورپ کے ماہر معاشیات نکولس فار نے کہا کہ اکتوبر میں ترکیہ کی افراط زر میں متوقع سے کم کمی ،اس سال مالیاتی نرمی کا دور شروع ہونے والی باقی امیدوں کو ختم کر دے گی۔

شماریات کے دفتر کے اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر میں ماہانہ بنیادوں پر صارفین کی قیمتوں کے اشاریے میں 2.9 فیصد اضافہ ہوا۔