ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے کہا ہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوان جلد شام کا دورہ کریں گے، جبکہ دمشق اور انقرہ کے درمیان سیاسی اور اقتصادی تعاون مزید مستحکم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
ترکیہ کے صدر جلد شام کا دورہ کریں گے،وزیر خارجہ حاقان فیدان
دمشق ۔14ستمبر (اے پی پی):ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان نے کہا ہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوان جلد شام کا دورہ کریں گے، جبکہ دمشق اور انقرہ کے درمیان سیاسی اور اقتصادی تعاون مزید مستحکم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
شنہوا کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق میں شامی امور خارجہ کے سربراہ اسعد حسن الشیبانی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حاقان فیدان نے کہا کہ ترک صدر کے دورے کے لیے موزوں حالات پیدا کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور سیاسی، سفارتی، اقتصادی و سکیورٹی تعاون سمیت توانائی، تعلیم، ثقافت اور مہاجرین کی واپسی کے شعبوں میں اعلیٰ سطحی مشترکہ کمیٹی کو فعال بنانے پر بات چیت ہوئی۔
اسعد حسن الشیبانی نے کہا کہ مشترکہ کمیٹی دونوں ممالک کی مشترکہ قیادت میں کام کرے گی، باقاعدگی سے اجلاس منعقد کرے گی جبکہ فیصلوں پر عملدرآمد کے لیے مستقل سیکرٹریٹ اور مختلف شعبوں کی خصوصی کمیٹیاں قائم کی جائیں گی۔ترک وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ کاروبار اور سرمایہ کاری کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مالی معاونت، ویزوں، ورک پرمٹس اور سرٹیفکیشن سے متعلق طریقہ کار وضع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترک سرمایہ کاروں کو توانائی اور ٹیکسٹائل کے شعبوں میں گہری دلچسپی ہے۔شام میں سابق حکومت کے دسمبر 2024 میں خاتمے کے بعد دمشق اور انقرہ کے درمیان تعلقات میں تیزی سے پیش رفت ہوئی ہے۔








