ترک خاتون اوّل امینہ اردوان نے بیگم ثمینہ علوی کے ہمراہ ویمن امپاورمنٹ سنٹرز میں زیر تربیت خواتین اور تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں کی ماؤں میں خودکار سلائی مشینیں تقسیم کیں

اسلام آباد ۔ 14 فروری (اے پی پی) جمہوریہ ترکی کی خاتون اوّل امینہ اردوان نے پاکستان کی خاتون اوّل بیگم ثمینہ علوی کے ہمراہ پاکستان بیت المال کے ویمن امپاورمنٹ سنٹرز میں زیر تربیت خواتین اور تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچوں کی ماؤں میں جدید طرز کی آٹومیٹیک سلائی مشینیں تقسیم کیں۔ اس موقع پر وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عون …

اسلام آباد ۔ 14 فروری (اے پی پی) جمہوریہ ترکی کی خاتون اوّل امینہ اردوان نے پاکستان کی خاتون اوّل بیگم ثمینہ علوی کے ہمراہ پاکستان بیت المال کے ویمن امپاورمنٹ سنٹرز میں زیر تربیت خواتین اور تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچوں کی ماؤں میں جدید طرز کی آٹومیٹیک سلائی مشینیں تقسیم کیں۔ اس موقع پر وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عون عباس بپی، ترکی کی فلاحی تنظیم ٹی آئی کے اے کے سربراہ اور نائب وزیر برائے سیاحت و ثقافت، ڈاکٹر سیردار کیم اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔ جمہوریہ ترکی کی خاتون اوّل نے پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کیلئے محبت اور احترام کا جذبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے ملکی ترقی میں خواتین کو بااختیار بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ترکی کی خاتون اوّل نے پاکستان میں تھیلیسیمیا کے مرض کے حوالے سے فکرمندی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس موذی مرض کے خاتمہ کیلئے مریضوں کی مدد کے ساتھ ساتھ حفاظتی تدابیر اختیار کرنا انتہائی ضروری ہے۔ پاکستان کی خاتون اوّل بیگم ثمینہ علوی نے پاکستانی مستحق خواتین کیلئے سلائی مشینیوں کی صورت میں قیمتی تحائف پر ترکی کی خاتون اول کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان سلائی مشینوں کی مدد سے سینکڑوں نادار خواتین خود انحصاری اور باعزت زندگی کے سفر پر گامزن ہو سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت خواتین کو بااختیار اور معاشی طور پر مستحکم بنانے پر یقین رکھتی ہے جس کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ثمینہ علوی نے کہا کہ ترکی کی خاتون اول کی یہاں موجودگی سے یہ بات ثابت ہے کہ انسانی ہمدردی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے خاتون اول ترکی اور خاتون اول پاکستان کی سماجی تحفظ کے میدان میں گرانقدر خدمات کو سراہا۔ احساس پروگرام کے حوالے سے بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس جامع پروگرام میں ملک سے غربت ختم کرنے کیلئے 134 پالیسیز ہیں اور احساس کفالت پروگرام کے تحت ملک کی 70 لاکھ مستحق خواتین کو بااختیار بنانے کے منصوبے پر عمل کیا جا رہا ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان عون عباس بپی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمہوریہ ترکی کی خاتون اول اور ترکی کی فلاحی تنظیم ٹی آئی کے اے کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے آگے بڑھ کر پاکستان بیت المال سے وابستہ مستحق خواتین کا ہاتھ تھاما۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کو ریاست مدینہ کے اصولوں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں جس کیلئے پاکستان بیت المال ہر ممکن اقدامات اٹھا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت ملک بھر میں قائم 154 ویمن امپاورمنٹ سنٹرز میں خواتین کو مختلف ہنر سکھاتے ہوئے انہیں ترقی اور قابل عزت زندگی کے قابل بنایا جا رہا ہے، اب تک ان مراکز سے 2 لاکھ سے زائد خواتین بااختیار بنتے ہوئے اپنی اور اپنے خاندان کی کفالت کے قابل ہو چکی ہیں۔ عون عباس بپی نے بتایا کہ اب یہاں سے فارغ التحصیل خواتین کوآسان قرضے بھی دیئے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں۔ اس پروگرام کی اہمیت کے پیش نظر اس منصوبے کے دائرہ کار میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خواتین کو مستفید کیا جا سکے۔ تقریب میں 20 سلائی مشینیں تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کی ماؤں کو جبکہ 200 سلائی مشینیں ویمن امپاورمنٹ سنٹر کی خواتین میں تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر خاتون اول جمہوریہ ترکی امینہ اردوان کو پاکستان کی خاتون اول بیگم ثمینہ علوی اور منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عون عبّاس بپّی کی طرف سے یادگاری تحائف بھی پیش کئے گئے۔