ترک رکن پارلیمنٹ دوگان بیکن کا مقبوضہ کشمیر سے بھارتی فوجی انخلا پرزور

انقرہ ۔11اگست (اے پی پی):ترکیہ کے رکن پارلیمنٹ اور رفاہ پارٹی استنبول کے نائب دوگان بیکن نے غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر سے بھارتی فوجی انخلاء کا مطالبہ کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنے اورمسلم اکثریتی مقبوضہ علاقے میں ہندو بالادستی قائم کرنے کی بھارتی حکومت کی کوششوں پر سخت تشویش کا اظہار کیاہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دوگان بیکن نے ان خیالات …

انقرہ ۔11اگست (اے پی پی):ترکیہ کے رکن پارلیمنٹ اور رفاہ پارٹی استنبول کے نائب دوگان بیکن نے غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر سے بھارتی فوجی انخلاء کا مطالبہ کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنے اورمسلم اکثریتی مقبوضہ علاقے میں ہندو بالادستی قائم کرنے کی بھارتی حکومت کی کوششوں پر سخت تشویش کا اظہار کیاہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دوگان بیکن نے ان خیالات کا اظہار ترک اسمبلی کے پریس ہال میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر کشمیری رہنمائوں کا ایک وفد بھی موجود تھا جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر اور آزاد جموں و کشمیر دونوں کے نمائندے شامل تھے ۔ پریس کانفرنس کا اہتمام استنبول میں منعقدہ بین الاقوامی کشمیر کانفرنس کے بعد کیاگیاتھا جو مقبوضہ علاقے کی سنگین صورتحال پر بین الاقوامی تشویش کا واضح ثبوت ہے۔

دوگان بیکن نے کہا کہ 5اگست2019کوبھارتی حکومت نے دفعہ 370اور 35Aکو منسوخ کر دیاتھاس جس کے تحت جموں اور کشمیر کوخصوصی حیثیت حاصل تھی ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے2014میں برسر اقتدار آنے سے قبل 2002میں ریاست گجرات کے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے بھارتی تاریخ کے سب سے بڑے مسلم کش فسادات میں اہم کردار اداکیا۔ وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد، انہوں نے ہندو بالادستی کے ہندوتوا نظریہ کو اپنایا اور مسلمانوں کے خلاف ہندو بالادستی اور اسلاموفوبیا کو مسلط کرنا شروع کیا۔جس کے نتیجے میں اگست2019 میں آئین کی دفعہ 370کو منسوخ کردیاگیا جس کے تحت جموں و کشمیر کو خصوصی حیثیت حاصل تھی ۔

دوگان بیکن نے مقبوضہ جموں و کشمیر سے بھارتی فوجی انخلا اورکشمیریوں کو استصواب رائے کے حق کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ کشمیریوں کو انکے اس حق کی ضمانت اقوام متحدہ نے اپنی متعلقہ قراردادوں میں فراہم کی ہے ۔انہوں نے مقبوضہ علاقے کی مسلم اکثریتی شناخت کو اقلیت میں بدلنے کیلئے آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کی بھارتی حکومت کی کوششوں پر بھی سخت تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے مودی حکومت ویسے ہی ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے جیسے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیل فسلطینیوں کیخلاف استعمال کررہا ہے ۔

دوگان بیکن نے مقبوضہ علاقے سے ہندوستانی فوج کے فوری طور پر انخلا کا مطالبہ کرتے ہوئے عالمی برادری خصوصا اقوام متحدہ سے موثر کارروائی کرنے پر زور دیا۔انہوں نے ترکیہ کی حکومت پر زور دیا کہ وہ کشمیری مسلمانوں کے حقوق اور خواہشات کے احترام اور تحفظ کیلئے قائدانہ کردار ادا کرے۔ انہوں نے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے فوری پر امن حل کیلئے پارلیمانی ذرائع استعمال کرنے ضرورت پر زور دیا۔

پریس کانفرنس میں موجود کشمیری وفد میں آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کے سپیکر چودھری لطیف اکبر ، کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر، سابق رکن قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی، کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنما الطاف احمد بٹ ، کشمیر ڈائاسپورا کولیشن کے سینئر وائس چیئرمین ڈاکٹر مبین شاہ اوردیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔