پشاور۔ 30 جنوری (اے پی پی):گورنر حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا اور ہمارے ضم اضلاع تعلیم اور کھیلوں کے میدان میں کسی سے پیچھے نہیں، حالیہ نیشنل وویمن لیکروس چیمپئن شپ میں خیبرپختونخوا کی ٹیم نے جس طرح کھیل پیش کیا اس پر ہمیں فخر ہے، کھیل کے میدان آباد ہونگے تو ہسپتال ویران ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان لیکروس فیڈریشن کے عہدیداروں اور لیکروس چیمپئن شپ جیتنے والی خیبرپختونخوا کی وویمن ٹیم کی کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران کیا۔
ملاقات میں میئر پشاور حاجی زبیر علی، پی ایل ایف کے سیکرٹری جنرل انجینئر تیفور زین، نائب صدر سمیرا خرم، مینیجر مریم فضل، ساجد علی اور ٹیم کوچ صنا لیاقت شریک تھیں۔ پی ایل ایف کے عہدیداروں نے چیمپئن شپ کے دوران بھرپور سپورٹ کرنے اور گورنر ہاؤس پشاور میں مدعو کرنے پر گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں یادگاری شیلڈ اور ٹیم کٹ پیش کی۔
گورنر کو انٹرنیشنل ایتھلیٹ "کرس” کی جانب سے اظہار تشکر کا خط بھی پیش کیا گیا۔ خواتین کھلاڑیوں اور منتظمین سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر حاجی غلام علی نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدان میں اپنا جھنڈا گاڑھنے والی قوم کی ان بچیوں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیکروس چیمپئن شپ میں جتنی ٹیموں اور کھلاڑیوں نے ملک بھر بالخصوص ہمارے قبائلی اضلاع سے حصہ لیا وہ بچیاں حقیقی معنوں میں لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کھلاڑیوں کے لئے نہ صرف کیش مالی معاونت کی جائیگی بلکہ اخلاقی سپورٹ بھی اسی طرح جاری رکھی جائیگی۔
گورنر نے ٹیم میں شامل تمام بچیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور انہیں ونر ٹرافی بھی دی۔ گورنر نے کہا کہ صوبے کی نگران حکومت اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ سے بھی بات کریں گےتاکہ بچیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جاسکے۔ پی ایل ایف عہدیداروں نے بھرپور تعاون اور عزت افزائی پر گورنر حاجی غلام علی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اگر ان کی سرپرستی اور حکومتی توجہ رہی تو بہت جلد انٹرنیشنل ایونٹس میں ملک کے لیے میڈلز جیت کر لائینگے۔