تعلیم پاکستان کے لئے زندگی اورموت کامسئلہ ہے،اگر آج ہم نے تعلیم پر توجہ نہ دی تو بہت پیچھے رہ جائیں گے، راجہ پرویزاشرف

Raja Pervaiz Ashraf

اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے کہا ہے کہ تعلیم پاکستان کے لئے زندگی اورموت کامسئلہ ہے، دنیااتنی تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے کہ اگر آج ہم نے تعلیم پر توجہ نہ دی تو ہم بہت پیچھے رہ جائیں گے۔منگل کو عالمی یوم تعلیم کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے پاکستان اور دنیا بھر کے تمام اساتذہ، طلبا اور خاندانوں کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی بنیا دہے جو افراد اور قوموں کی ترقی کے لئے بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی زندگیوں کوبدلنے اور ایک پر امن اور خوشحال معاشرے کی تشکیل کے لئے تعلیم ہی واحد طاقت ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر کی حیثیت سے مجھے یہ فخر محسوس ہوتا ہے کہ ہم نےگزشتہ برسوں کے دوران تعلیم تک رسائی بڑھانے کے لئے نمایاں پیشرفت کی ہے تاہم پاکستان میں ہر بچے کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کامعیاری موقع فراہم کرنے کے لئے ابھی ہم نے بہت طویل سفر طے کرنا ہے۔ انہوں نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمان کاحوالہ دیتے ہوئے کہاکہ تعلیم ہمارے ملک کے لئے زندگی اور موت کامسئلہ ہے۔ دنیا تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔

اگر ہم نے تعلیم پر توجہ نہ دی تو ہم بہت پیچھے رہ جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ میں حکومت ، نجی شعبے اور سول سوسائٹی سمیت تمام سٹیک ہولڈرز پر زور دیتا ہوں کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے مل کر کام جاری رکھیں کہ پاکستان میں تعلیم تک ہر بچے کی رسائی ہو۔ بین الاقوامی یوم تعلیم کے موقع پر آئیے ہم اپنے آپ کو اس عظیم مقصد کے لئے وقف کریں اور سب کے لئے ایک روشن مستقبل کی تعمیر کے لئے مل کر کام کریں۔انہوں نے کہا کہ عالمی یوم تعلیم منانا پاکستان میں سب کے لئے “معیاری تعلیم کے لئے ایک کال ٹو ایکشن “ہے۔