کراچی۔24جنوری (اے پی پی):وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تعلیم کا فروغ پائیدار ترقی اور امن کی ضمانت ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے تعلیم کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں ارضِ پاک میں فروغِ تعلیم کے لیئے اپنا کردار ادا کرنے والے تمام اساتذہ اور شخصیات کو سلام پیش کیا ہے۔
وزیرِ خارجہ نے کہا کہ 22 ملین سے زائد پاکستانی بچوں کا سکول نہ جانا پوری قوم کے لیے لمحہ فکریہ اور چیلنج ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دنیا کے شانہ بشانہ کھڑا ہونے لے لیے، ہمارے بچوں کو صرف تعلیم نہیں بلکہ معیاری تعلیم کی ضرورت ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ معیاری تعلیم کے حصول میں حائل رکاوٹوں کو جنگی بنیادوں پر ختم کرنا ہوگا اور بطور قوم ہمیں اپنے بچوں اور نوجوانوں میں سائنس و ٹیکنالاجی کے علوم کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگا۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ان کی جماعت نے ہمیشہ شعبہ تعلیم و تربیت کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے بانی چیئرمین قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اپنے دورِ حکومت میں ماضی کے مقابلے میں سب سے زیادہ اسکول اور تعلیمی ادارے قائم کیے۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بھی بطور وزیراعظم ملک میں تعلیمی اداروں کے قیام کے ساتھ ساتھ خواتین کی تعلیم و تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی۔ سابق صدر آصف علی زرداری کی زیرِ قیادت پاکستان پیپلز پارٹی کی سابقہ حکومت نے بھی ملک میں سب سے زیادہ یونیورسٹیاں قائم کیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 1973 کا آئین تمام بچوں کو تعلیم کی یکساں سہولیات تک رسائی ان کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام بچوں اور نوجوانوں کو معیاری تعلیم کی بلاتفریق فراہمی پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم صرف معیاری و جدید ٹیکنالوجی سے لیس نظامِ تعلیم کے ذریعے ہی پاکستان کو ترقی یافتہ اقوام کی صف میں کھڑا کر سکتے ہیں۔