تعلیم کے شعبے میں اصلاحات اور سرمایہ کاری سے پاکستان کی ترقی کی نئی راہیں ہموار ہوئیں، اقتصادی سروے رپورٹ

حکومت پاکستان کی جانب سے تعلیم کے شعبے میں جاری اصلاحات، سرمایہ کاری اور مہارتوں کے فروغ کے اقدامات ملک کے نوجوانوں کو قومی ترقی کا موثر سرمایہ بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ جمعرات کو وفاقی حکومت کی جانب سے جاری اقتصادی سروے 2025-26 کے مطابق تعلیم کو پائیدار ترقی، معاشی استحکام اور سماجی خوشحالی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے اس شعبے کو حکومتی ترجیحات میں سرفہرست …

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):حکومت پاکستان کی جانب سے تعلیم کے شعبے میں جاری اصلاحات، سرمایہ کاری اور مہارتوں کے فروغ کے اقدامات ملک کے نوجوانوں کو قومی ترقی کا موثر سرمایہ بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ جمعرات کو وفاقی حکومت کی جانب سے جاری اقتصادی سروے 2025-26 کے مطابق تعلیم کو پائیدار ترقی، معاشی استحکام اور سماجی خوشحالی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے اس شعبے کو حکومتی ترجیحات میں سرفہرست رکھا گیا ہے۔

دستاویز کے مطابق پاکستان دنیا کی بڑی نوجوان آبادی رکھنے والے ممالک میں شامل ہے اور یہی آبادی مستقبل میں ملکی معیشت اور ترقی کے لیے ایک بڑی طاقت بن سکتی ہے۔ اس مقصد کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتیں تعلیمی رسائی میں اضافے، معیار تعلیم کی بہتری اور فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت تعلیم کے شعبے میں پالیسی اصلاحات اور ہدفی سرمایہ کاری کے ذریعے انسانی وسائل کی ترقی کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔

نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) نوجوانوں کو جدید فنی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے جس سے ملکی اور بین الاقوامی روزگار کے مواقع میں اضافہ متوقع ہے۔دستاویز کے مطابق ’’5 ایز فریم ورک‘‘ اور ’’اڑان پاکستان‘‘ جیسے قومی اقدامات کے تحت معیاری اور جامع تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ ہر بچے کو بہتر تعلیمی مواقع میسر آ سکیں اور ملک پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں مزید پیش رفت کر سکے۔

تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں تعلیمی شعبے میں جاری سرمایہ کاری، ڈیجیٹل سیکھنے کے مواقع، مہارتوں پر مبنی تربیت اور تعلیمی سہولیات کی توسیع مستقبل میں انسانی ترقی کے اشاریوں میں نمایاں بہتری کا باعث بنے گی۔ رپورٹ میں اس امر پر بھی زور دیا گیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی، تیز رفتار تکنیکی ترقی اور عالمی معاشی چیلنجز کے باوجود حکومت کی مسلسل توجہ اور اصلاحاتی اقدامات پاکستان کے تعلیمی شعبے کو مزید مضبوط بنانے اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔

مزید خبریں