رحمتُ للعالمین و خاتمُ النبیین ﷺ کلب، تعمیرِ نو ٹرسٹ بلوچستان کے زیرِ اہتمام بچوں اور بچیوں کے لیے الگ الگ ریاضُ القرآن کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا
تعمیرِنو ٹرسٹ بلوچستان کے زیرِاہتمام ریاضُ القرآن کا افتتاح کردیا گیا
کوئٹہ۔ 24 اگست (اے پی پی):رحمتُ للعالمین و خاتمُ النبیین ﷺ کلب، تعمیرِ نو ٹرسٹ بلوچستان کے زیرِ اہتمام بچوں اور بچیوں کے لیے الگ الگ ریاضُ القرآن کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب تعمیرِ نو ایجوکیشنل کمپلیکس، مولانا محمد عمر دینپوریؒ میں منعقد ہوئی جس میں تعمیرِ نو ٹرسٹ بلوچستان کی قیادت، بورڈ ممبران، تعلیمی ذمہ داران، اساتذہ اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔تمام ڈیجیٹل آلات اور دور حاضر کی ٹیکنالوجی سے آراستہ ماڈرن ریاضُ القرآن کا افتتاح چیئرمین تعمیرِ نو ٹرسٹ بلوچستان بریگیڈیئر (ر) عبدالجلیل خان نے کیا۔
اس موقع پر سیکرٹری تعمیرِ نو ٹرسٹ بلوچستان محمد نسیم لہڑی، ممبر بورڈ انجینئر غلام عثمان بابئی، رحمتُ للعالمین و خاتمُ النبیین ﷺ کلب کے پیٹرن حافظ محمد طاہر اور پرنسپل محترمہ صحیفہ تبسم سمیت دیگر اساتذہ اور ذمہ داران موجود تھے۔افتتاحی تقریب کے دوران قرآنِ کریم کی تلاوت اور خصوصی دعا کا اہتمام بھی کیا گیا۔ شرکاء نے ریاضُ القرآن کے قیام کو تعمیرِ نو ٹرسٹ بلوچستان کے تعلیمی نظام میں ایک اہم اور قابلِ تحسین پیش رفت قرار دیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تعمیرِ نو ٹرسٹ بلوچستان بریگیڈیئر (ر) عبدالجلیل خان نے کہا کہ تعلیم کا مقصدکتابی علم اور امتحانات میں کامیابی کیساتھ ساتھ ایسی باکردار نسل تیار کرنا بھی ہے جو علم کے ساتھ اخلاق، دینی شعور اور اعلیٰ انسانی اقدار سے آراستہ ہو۔









