تمام تجارتی مذاکرات میں پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کیلئے بلاامتیاز، منصفانہ اوروسیع البنیاد فیصلہ سازی ہونی چاہئیے عبدالرزاق دائود

اسلام آباد ۔ 6 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت ،صنعت وپیداوار اور سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے عالمی تجارتی تنظیم ( ڈبلیوٹی او) کے تحت قوائد وضوابط پرمبنی کثیرالجہتی تجارتی نظام کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہاہے کہ تمام تجارتی مذاکرات میں پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کیلئے بلاامتیاز، منصفانہ اوروسیع البنیاد طرزعمل اورفیصلہ سازی ہونی چاہئیے، اس طرح کے مذاکرات میں ترقی پذیرممالک کے مفادات …

اسلام آباد ۔ 6 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت ،صنعت وپیداوار اور سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے عالمی تجارتی تنظیم ( ڈبلیوٹی او) کے تحت قوائد وضوابط پرمبنی کثیرالجہتی تجارتی نظام کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہاہے کہ تمام تجارتی مذاکرات میں پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کیلئے بلاامتیاز، منصفانہ اوروسیع البنیاد طرزعمل اورفیصلہ سازی ہونی چاہئیے، اس طرح کے مذاکرات میں ترقی پذیرممالک کے مفادات کا تحفظ اورترقی پذیرممالک کے ساتھ کسی قسم کا امتیازی سلوک روا نہ رکھے جانے کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے ۔یہ بات انہوں نے چین کے شہر شنگھائی میں ڈبلیوٹی او کے غیررسمی مِنی وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ہے۔عوامی جمہوریہ چین اس اجلاس کی میزبانی کررہاہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر نے عالمی تجارتی تعلقات میں حالیہ پیش رفت پر تشویش کا اظہارکیا اورکہاکہ کہ اس سے کثیرالجہتی نظام کیلئے خطرات پیدا ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ڈبلیو ٹی او میں اصلاحات کرتے وقت ترقی پذیر ممالک سے بیگانگی کا مظاہرہ کرنے کی بجائے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول اور ٹیکنالوجی و صنعت میں ان ممالک کی مدد کرنے پر توجہ مرکوزکرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے ڈبلیو ٹی او کی اپیلٹ باڈی میں تعطل اوربالخصوص ترقی پذیرممالک کیلئے تنازعات کے حل کیلئے موثرنظام وضع کرنے کی ضرورت پرزوردیا۔انہوں نے اجلاس کے شرکاء کو پاکستان میں زراعت اورماہی گیری کے شعبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا اورکہاکہ پاکستان اس حوالہ سے مذاکرات میں شرکت کرے گا اوراپنے چھوٹے کسانوں اورماہی گیروں کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنیائیگا۔قبل ازیں عبدالرزاق داود نے چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپوکی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے چین کے سی سی ٹی وی چینل کو کثیرالجہتی تجارت اورپاک چین دوطرفہ تجارت اوراقتصادی تعلقات کے موضوع پر انٹرویو بھی دیا،انہوں نے ایک ظہرانے میں بھی شرکت کی ۔مشیرتجارت نے اپنے دورہ چین کے دوران چین، ترکی، روس، انڈونیشیائ، سعودی عرب، جنوبی افریقہ، یورپی یونین، کینیڈا، آسٹریلیا، فلپائن، اورناروے سمیت کئی ممالک کے وزرائے تجارت سے ملاقاتیں بھی کیں۔وہ ڈبلیوٹی اوکے ڈائریکٹرجنرل سے بھی ملے اوران سے مختلف امورپرتبادلہ خیال کیا۔

مزید خبریں