اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ تمام صوبائی حکومتیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی طرف سے عوامی اجتماعات پر پابندی سمیت دیگر فیصلوں پر عمل درآمد کرانے کی پابند ہیں، سیاسی جلسے ملک میں کورونا وائرس پھیلنے کا بڑا سبب ہیں، وبا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) …
تمام صوبائی حکومتیں این سی او سی فیصلوں پر عمل درآمد کرانے کی پابند ہیں، چوہدری فواد حسین

مزید خبریں
اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ تمام صوبائی حکومتیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی طرف سے عوامی اجتماعات پر پابندی سمیت دیگر فیصلوں پر عمل درآمد کرانے کی پابند ہیں، سیاسی جلسے ملک میں کورونا وائرس پھیلنے کا بڑا سبب ہیں، وبا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو جلسے کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وبا کا مقابلہ کرنے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز متفقہ فیصلے لے رہے ہیں اور لوگوں پر زور دے ہیں کہ وہ کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کریں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ اپوزیشن کا پشاور میں پاور شو ملک میں کورونا کیسز میں اضافے کا سبب بنا، اگر پی ڈی ایم ملتان میں جلسے کا انعقاد کرتی ہے تو کیسز میں مزید اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ابھی تک پی ڈی ایم کے خلاف جلسے جلوس نہ کرنے کیلئے طاقت کا استعمال نہیں کیا، یہ اپوزیشن جماعتوں کے رہنماﺅں کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کی صحت کی خاطر جلسوں سے گریز کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا وائرس انسانی زندگیوں کا معاملہ ہے، اپوزیشن جماعتوں خصوصی طور پر پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی کو وبا پر سیاست کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔








