تمام مذاہب امن، دوستی اور باہمی احترام کے اصولوں کی تعلیم دیتے ہیں،وزیر اقلیتی امورپنجاب

110
Ramesh Singh Arora

لاہور۔19دسمبر (اے پی پی):لاہور کے کیتھیڈرل چرچ آف ریسوریکشن میں کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے خصوصی شرکت کی ۔ تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق سونیا عاشر بھی شریک تھیں۔

اس موقع پربشپ آف لاہور ندیم کامران کے ہمراہ مسیحی برادری کی بڑی تعداد موجود تھی۔صوبائی وزیر نے بشپ ندیم کامران اور مسیحی کمیونٹی کے ساتھ مل کر کرسمس کیک کاٹا اورملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔صوبائی وزیر اقلیتی امور نے مسیحی کمیونٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے آپس میں امن، محبت اور یکجہتی کی اہمیت پر زور دیا۔سر دار رمیشں سنگھ اروڑہ نے کہا کہ تمام مذاہب امن، دوستی اور باہمی احترام کے اصولوں کی تعلیم دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کی ضرورت آج پہلے سے کہیں زیادہ ہے اور اس طرح کے پروگرام اس مقصد میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ وزیر اقلیتی امور نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں، بشمول مسیحیوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں اور پنجاب حکومت ان کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہے۔

پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق سونیا آشرنے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسیحی برادری کی پاکستان کی ترقی میں اہم خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی کمیونٹی ہمارے معاشرے کا ایک اہم حصہ ہے اور تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں نمایاں خدمات فراہم کر رہی ہے۔

بشپ آف لاہور ندیم کامران نے ملک کی ترقی و خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لئے دعا کی اور تقریب میں شریک تمام افراد کا شکریہ ادا کیا ۔