تھانوں میں بروقت اور بہترین سروس ڈیلیوری یقینی بنائی جائے، سی پی او راولپنڈی

:سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے کہا ہے کہ شہریوں کے مسائل کے فوری اور موثر حل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، عوامی شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی غفلت، لاپرواہی یا غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تھانہ پولیسنگ کا بنیادی یونٹ ہے، جہاں شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی، ان کی شکایات کا ازالہ اور بہترین سروس …

راولپنڈی ۔16اکتوبر (اے پی پی):سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے کہا ہے کہ شہریوں کے مسائل کے فوری اور موثر حل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، عوامی شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی غفلت، لاپرواہی یا غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تھانہ پولیسنگ کا بنیادی یونٹ ہے، جہاں شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی، ان کی شکایات کا ازالہ اور بہترین سروس ڈیلیوری پولیس کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے تھانہ مورگاہ، چکری اور چونترہ میں کھلی کچہریوں کے دوران شہریوں کے مسائل اور شکایات سنی اور متعلقہ افسران کو ان کے حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کھلی کچہریوں میں شہریوں کی شکایات کو سنجیدگی سے لیا جائے اور ان پر قانون کے مطابق فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ افسران شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے ذاتی دلچسپی لیں اور اس امر کو یقینی بنائیں کہ شکایات کے ازالے میں شہریوں کو غیر ضروری دفتری کارروائی یا تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس موقع پر ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران بھی موجود تھے۔ سی پی او نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں، شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور تھانوں میں آنے والے سائلین کو عزت و احترام کے ساتھ سنا جائے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پولیس افسران کی کارکردگی کا بنیادی مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور ان کے مسائل کو قانون کے مطابق حل کرنا ہونا چاہیے۔سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے تھانہ چکری اور تھانہ چونترہ کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے حوالات، تھانے کے ریکارڈ اور افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تھانوں میں انتظامی امور، ریکارڈ کی دیکھ بھال اور پولیس کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں سے متعلق ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تھانہ کی سطح پر پولیسنگ کے نظام کو موثر بنایا جائے اور شہریوں کو اپنی شکایات کے حل کے لیے بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کو معیاری پولیس سروسز کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ پولیس افسران عوامی خدمت، قانون کی بالادستی اور شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھیں، جبکہ فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی کرنے والے افسران کے حوالے سے عدم برداشت کی پالیسی پر عمل کیا جائے۔

 

مزید خبریں