راولپنڈی میں جمعہ کو مساجد اور کرکٹ سٹیڈیم کے اطراف صفائی کے خصوصی انتظامات، انسدادِ سموگ مہم بھی جاری

راولپنڈی میں جمعہ کو مساجد کے اندر اور اطراف میں صفائی کے خصوصی انتظامات کیے گئے، جبکہ نمازیوں اور شہریوں کو صفائی کی اہمیت، کوڑا کرکٹ مقررہ مقامات پر پھینکنے اور ماحول کو صاف رکھنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔اس موقع پر مساجد میں آگاہی مہم کے ذریعے شہریوں پر زور دیا گیا کہ وہ اپنے گھروں

راولپنڈی۔ 16 اکتوبر (اے پی پی):راولپنڈی میں جمعہ کو مساجد کے اندر اور اطراف میں صفائی کے خصوصی انتظامات کیے گئے، جبکہ نمازیوں اور شہریوں کو صفائی کی اہمیت، کوڑا کرکٹ مقررہ مقامات پر پھینکنے اور ماحول کو صاف رکھنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔اس موقع پر مساجد میں آگاہی مہم کے ذریعے شہریوں پر زور دیا گیا کہ وہ اپنے گھروں، گلیوں، محلوں اور عبادت گاہوں کی صفائی کا خاص خیال رکھیں اور صفائی کے عملے کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے کوڑا کرکٹ سڑکوں اور عوامی مقامات پر پھینکنے سے گریز کریں۔ راولپنڈی میں جاری کرکٹ میچز کے پیش نظر سٹیڈیم روڈ، مری روڈ اور سٹیڈیم کے اندرونی و بیرونی حصوں میں صفائی، سوئیپنگ اور واشنگ کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ کھلاڑیوں، شائقینِ کرکٹ اور شہریوں کو صاف ماحول فراہم کیا جا سکے۔ صفائی عملے کو مختلف مقامات پر تعینات کرکے صفائی کے تسلسل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ستھرا پنجاب ایجنسی کے اینٹی لٹرنگ سکواڈ کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں، بازاروں اور تجارتی مراکز میں کارروائیاں جاری ہیں۔ اس دوران کوڑا کرکٹ پھیلانے والوں کی نگرانی، شہریوں اور دکانداروں کو وارننگز اور صفائی سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شہر کو صاف رکھنے کے ساتھ ساتھ انسدادِ سموگ مہم کو بھی موثر بنایا جا سکے۔ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی رانا ساجد صفدر نے متعلقہ افسران اور صفائی عملے کو ہدایت کی ہے کہ صفائی کے معیار کو برقرار رکھنے، عوامی مقامات کو صاف رکھنے اور شہریوں میں ذمہ دارانہ رویوں کو فروغ دینے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ صفائی مہم میں بھرپور تعاون کریں کیونکہ صاف راولپنڈی اجتماعی ذمہ داری اور مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے۔