تھر کے کوئلے سے بجلی گھروں نے مالی سال 2025-26 میں 16,447 گیگاواٹ آور بجلی پیدا کی

تھر کے کوئلے سے بجلی گھروں نے مالی سال 2025-26 میں 16,447 گیگاواٹ آور بجلی پیدا کی

اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):تھر کا کوئلہ استعمال کرنے والے بجلی کے منصوبوں نے مالی سال 2025-26 کے دوران مجموعی طور پر 16,446.521 گیگاواٹ آور بجلی پیدا کی جس کے لئے 13.83 ملین ٹن مقامی کوئلہ استعمال کیا گیا۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب دستاویزات کے مطابق 3,960 میگاواٹ کی مجموعی پیداواری صلاحیت کے حامل چھ بجلی منصوبوں نے مالی سال کے دوران تھر کا کوئلہ مکمل طور پر یا درآمدی کوئلے کے ساتھ ملا کر استعمال کیا۔دستاویز میں دیئے گئے اعدادوشمار کی بنیاد پر کئے گئے حساب کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران ان منصوبوں میں تھر کے کوئلے کا مجموعی استعمال 13,834,293 ٹن رہا۔تھر کول بلاک-I پاور جنریشن کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ تھر کے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والا سب سے بڑا منصوبہ رہا۔ سندھ کے تھر بلاک-I میں واقع 1,320 میگاواٹ کے اس بجلی گھر نے 6,602,756 ٹن تھر کوئلہ استعمال کرکے 8,330.914 گیگاواٹ آور بجلی پیدا کی۔

اس کی سالانہ کوئلے کی ضرورت 7.6 ملین ٹن درج ہے اور اس میں کوئلے کی پوری ضرورت تھر کے کوئلے سے پوری کی جاتی ہے۔تھر بلاک-II سے منسلک تین منصوبوں نے بھی مکمل طور پر تھر کا کوئلہ استعمال کیا۔ 660 میگاواٹ کے اینگرو پاورجن تھر پرائیویٹ لمیٹڈ نے 3,434,627 ٹن کوئلہ استعمال کرکے 3,816.539 گیگاواٹ آور بجلی پیدا کی۔ اس کی سالانہ کوئلے کی ضرورت 3.8 ملین ٹن درج ہے۔330 میگاواٹ کے تھر انرجی لمیٹڈ نے 1,630,550 ٹن تھر کوئلہ استعمال کرکے 1,821.777 گیگاواٹ آور بجلی پیدا کی جبکہ 330 میگاواٹ کے تھل نووا پاور تھر لمیٹڈ نے 1,627,985 ٹن کوئلے سے 1,824.147 گیگاواٹ آور بجلی پیدا کی۔ دونوں بجلی گھروں کی سالانہ کوئلے کی ضرورت 1.9 ملین ٹن فی پلانٹ ہے اور دونوں مکمل طور پر تھر کا کوئلہ استعمال کرتے ہیں۔

مکمل طور پر تھر کے کوئلے پر چلنے والے ان چار بجلی گھروں نے مالی سال 2025-26 میں مجموعی طور پر 15,793.377 گیگاواٹ آور بجلی پیدا کی اور تقریباً 13.30 ملین ٹن مقامی کوئلہ استعمال کیا۔دو دیگر بجلی گھروں میں تھر کا کوئلہ درآمدی کوئلے کے ساتھ ملا کر استعمال کیا گیا۔ پورٹ قاسم میں واقع 660 میگاواٹ کے لکی الیکٹرک پاور کمپنی لمیٹڈ نے مالی سال 2025-26 کے دوران 33 فیصد تھر اور 67 فیصد درآمدی کوئلہ استعمال کیا۔ دستاویز کے مطابق تھر کے کوئلے کے حصے سے 627.934 گیگاواٹ آور بجلی پیدا ہوئی، جس کے لئے 519,270 ٹن تھر کوئلہ استعمال کیا گیا۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ یکم ستمبر 2026 سے لکی الیکٹرک کو بجلی گھر کو بیس لوڈ پر چلانے کے لئے سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی سے تھر کے کوئلے کی باقاعدہ فراہمی جاری ہے۔ دوسری جانب 660 میگاواٹ کے جامشورو پاور کمپنی لمیٹڈ نے 20 فیصد تھر کوئلہ استعمال کیا۔ دستاویز میں تھر کوئلے کے حصے سے 25.210 گیگاواٹ آور بجلی کی پیداوار اور 19,105 ٹن کوئلے کا استعمال درج ہے۔

دستاویز کے مطابق جامشورو نے 19 جون 2026 کو 80 فیصد درآمدی اور 20 فیصد تھر کوئلے کے امتزاج سے ہیٹ ریٹ ٹیسٹ کیا۔ جامشورو کے دیئے گئے اعدادوشمار 19 جون سے 30 جون 2026 تک کی مدت کے ہیں۔دستاویز کے مطابق ان بجلی منصوبوں سے پیدا ہونے والی بجلی قومی گرڈ کو فراہم کی جاتی ہے اور نظام کی ضروریات کے مطابق ملک بھر کے صارفین تک پہنچائی جاتی ہے۔