تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے ٹنڈوآدم میں بلڈ ڈونیشن کیمپ، شہریوں کی بھرپور شرکت
تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے ٹنڈوآدم میں بلڈ ڈونیشن کیمپ، شہریوں کی بھرپور شرکت

مزید خبریں
حیدرآباد۔ 04 اکتوبر (اے پی پی):تھیلیسیمیا پیشنٹس ویلفیئر سوسائٹی نواب شاہ، شہید بینظیر آباد کے زیر اہتمام اور ایم پی اے پارس ڈیرو کے تعاون سے شاہ عبداللطیف میونسپل لائبریری ٹنڈوآدم میں بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد کیا گیا، جس میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے خون عطیہ کیا۔ تھیلیسیمیا سینٹر نواب شاہ کے فیلڈ مینیجر محسن علی نے بتایا کہ جاری کیمپ میں تقریباً 300 بلڈ بیگز جمع ہونے کی توقع ہے جبکہ گزشتہ برسوں کے دوران ٹنڈوآدم میں سالانہ 150 سے 200 بلڈ بیگز عطیہ کیے جاتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ شہریوں کی جانب سے غیر معمولی تعاون کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے اور بڑی تعداد میں لوگ خون عطیہ کرنے کے لیے کیمپ پہنچ رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ خون عطیہ کرنے والے افراد کے مختلف طبی ٹیسٹ بھی مفت کیے جاتے ہیں، جن میں یرقان، شوگر، ایڈز، ملیریا اور ہیموگلوبن کے ٹیسٹ شامل ہیں۔ ان ٹیسٹوں سے عطیہ کیے جانے والے خون کی سکریننگ کے ساتھ بعض بیماریوں کی بروقت تشخیص میں بھی مدد ملتی ہے۔ اس موقع پر تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں کے والدین اور لواحقین نے بلڈ ڈونیشن کیمپ کے انعقاد پر منتظمین اور خون عطیہ کرنے والے شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تھیلیسیمیا کے بچوں کو باقاعدگی سے خون کی ضرورت ہوتی ہے اور خون کے عطیات ان کی زندگی کا اہم سہارا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خون کی بروقت دستیابی سے بچوں کو علاج جاری رکھنے میں مدد ملتی ہے اور ان کے والدین کو بھی بڑی پریشانی سے نجات ملتی ہے۔ مریضوں کے لواحقین نے مخیر حضرات ، نوجوانوں اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ باقاعدگی سے خون عطیہ کریں اور تھیلیسیمیا کے معصوم بچوں کی زندگی بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک صحت مند فرد کا خون کا عطیہ کسی ایسے بچے کے لیے زندگی کی امید بن سکتا ہے جو ہر چند ہفتوں بعد خون کی منتقلی کا محتاج ہوتا ہے۔
کیمپ انتظامیہ نے بھی شہریوں سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں خون عطیہ کریں تاکہ تھیلیسیمیا کے مریض بچوں اور دیگر ضرورت مند مریضوں کو بروقت خون کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انتظامیہ کے مطابق خون کا عطیہ ایک عظیم انسانی خدمت ہے اور ہر عطیہ کسی قیمتی انسانی جان کو بچانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔








