تیز رفتار و قابل اعتماد انٹرنیٹ ملکی معیشت، معاشرت، تعلیم، صحت اور قومی سلامتی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے،وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ

اسلام آباد۔12مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ تیز رفتار اور قابل اعتماد انٹرنیٹ ملکی معیشت، معاشرت، تعلیم، صحت اور قومی سلامتی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے،فائیوجی کی نیلامی سے نہ صرف انٹرنیٹ سروس کی فراہمی بہتر ہوگی بلکہ یہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کو مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں …

اسلام آباد۔12مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ تیز رفتار اور قابل اعتماد انٹرنیٹ ملکی معیشت، معاشرت، تعلیم، صحت اور قومی سلامتی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے،فائیوجی کی نیلامی سے نہ صرف انٹرنیٹ سروس کی فراہمی بہتر ہوگی بلکہ یہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کو مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فائیو جی سپیکٹرم کی اسائنمنٹ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فائیوجی سپیکٹرم کی نیلامی کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے جس کے تحت 480 میگا ہرٹز سپیکٹرم تین موبائل آپریٹرز جاز،زونگ اور یوفون نےحاصل کی، اس نیلامی کے ذریعے حکومت کو تقریباً 507 ملین ڈالر آمدن ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ نیلامی کے پہلے مرحلے کے بعد ایک روزہ وقفے سے اسائنمنٹ مرحلے کا عمل ہوگیا جس میں مختلف بینڈز میں سپیکٹرم کی حتمی تقسیم کی گئی جبکہ 3.5 گیگا ہرٹز بینڈ کے عمل کا باقاعدہ افتتاح بھی کر دیا گیا ہے۔شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ یہ نیلامی کئی حوالوں سے تاریخی ہے کیونکہ اس سے پہلے اتنی بڑی مقدار میں سپیکٹرم کبھی نیلام نہیں کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان 1987 سے اب تک مجموعی طور پر صرف 274 میگا ہرٹز سپیکٹرم پر کام کر رہا تھا جس کی وجہ سے ملک کو خطے میں سپیکٹرم کی کمی کا سامنا تھا، تاہم اس نیلامی کے بعد مجموعی سپیکٹرم تقریباً ساڑھے سات سو میگا ہرٹز تک پہنچ گیا جس سے پاکستان اب عالمی اوسط کے قریب آ گیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ تیز رفتار اور قابل اعتماد انٹرنیٹ آج کی معیشت، معاشرت، تعلیم، صحت اور قومی سلامتی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے، اس نیلامی سے نہ صرف فور جی سروس بہتر ہوگی بلکہ پاکستان باضابطہ طور پر فائیو جی دور میں بھی داخل ہو جائے گا جو وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کو مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی خصوصاً آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور دیگر ابھرتی ٹیکنالوجیز کے لیے تیز رفتار انٹرنیٹ ناگزیر ہے، اس سے نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے نئے مواقع ملیں گے جبکہ زراعت، صحت اور دیگر شعبوں میں بھی ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ ملے گا بالخصوص دور دراز علاقوں میں تعلیم اور صحت کی سہولیات تک رسائی بہتر ہوگی۔ چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ سپیکٹرم اسائنمنٹ کا عمل شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر سافٹ ویئر کے ذریعے کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ فریکوئنسی ایلوکیشن بورڈ اور ٹیلی کام انڈسٹری کے ساتھ مل کر سپیکٹرم کی دستیابی اور تکنیکی جانچ پڑتال پہلے ہی مکمل کی جا چکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اسائنمنٹ مرحلے میں مختلف آپریٹرز کو یہ اختیار دیا جا رہا ہے کہ وہ متعلقہ بینڈ میں اپنی فریکوئنسی کی حتمی پوزیشن (اوپر، درمیان یا نیچے) منتخب کریں۔

مزید خبریں
نائب وزیراعظم
پاکستان کو سخاوت، رضاکارانہ خدمات اور معاشرتی خدمت کی اپنی دیرینہ روایات پر فخر ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا انسانی ہمدردی کے عالمی دن کے موقع پر پیغام اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عالمی یومِ انسانی ہمدردی کے موقع پر پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر ان تمام انسانی خدمت گاروں اور رضاکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے جو ضرورت کے وقت لوگوں کی مدد کے لیے خود کو وقف کردیتے ہیں۔ بدھ کو دفتر خارجہ کے مطابق انسانی ہمدردی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں ہمدردی، خدمت اور آفات و دیگر ہنگامی حالات سے متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑے ہونے کی اہمیت کی یاد دلاتا ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ یہ اس عزم کی تجدید کا موقع بھی ہے کہ ہم اجتماعی طور پر کمزور اور متاثرہ طبقات کی مدد اور انسانیت کی خدمت کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سخاوت، رضاکارانہ خدمات اور معاشرتی خدمت کی اپنی دیرینہ روایت پر فخر ہے، یہ اقدار ہمارے معاشرے میں گہری جڑیں رکھتی ہیں اور مشکلات کے وقت ہمیشہ ہمارے لوگوں کو متحد کرنے کا باعث بنی ہیں۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں آنے والی آفات کے حوالے سے ہمارے تجربے نے بارہا پاکستانی عوام کی استقامت، یکجہتی اور جذبۂ تعاون کو ثابت کیا ہے، شہریوں نے وفاقی اور صوبائی اداروں کے ساتھ مل کر متاثرہ آبادیوں کی مدد، امداد اور بحالی کی کوششوں میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر میں انسانی خدمت کے لیے سرگرم تمام افراد کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں اور ہمدردی، یکجہتی اور انسانیت کی خدمت کے اصولوں سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں