جامعہ گوادر کے وائس چانسلرڈاکٹرعبدالرزاق صابر کی زیرصدارت اعلی سطحی اجلاس ، تعلیمی کیلنڈر سےمتعلق امورکا جائزہ لیا گیا

جامعہ گوادر میں اسپرنگ 2027 کے داخلہ ٹیسٹ، امتحانات کے شیڈول، طلبہ کی فیسوں کی ادائیگی، اسکالرشپ چیکس کی تقسیم کے طریقہ کار اور تعلیمی کیلنڈر سے متعلق امور کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس وائس چانسلر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا

کوئٹہ۔ 18 نومبر (اے پی پی):جامعہ گوادر میں اسپرنگ 2027 کے داخلہ ٹیسٹ، امتحانات کے شیڈول، طلبہ کی فیسوں کی ادائیگی، اسکالرشپ چیکس کی تقسیم کے طریقہ کار اور تعلیمی کیلنڈر سے متعلق امور کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس وائس چانسلر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس کی صدارت وائس چانسلر جامعہ گوادر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کی۔ اجلاس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منظور احمد، رجسٹرار ڈاکٹر دولت خان، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رحیم مہر، ڈین سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جان محمد، ڈین سائنس، انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر محب اللہ، مختلف تدریسی شعبہ جات کے چئیرپرسن سمیت متعلقہ انتظامی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسپرنگ 2027 کے داخلوں کے سلسلے میں انٹری ٹیسٹ کے انعقاد کی تیاریوں اور طریقہ کار پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ امتحانات کا شیڈول دسمبر 2026 کے آخری ہفتے میں رکھا جائے گا۔

اس کے علاوہ طلبہ کی فیسوں کی بروقت ادائیگی، اسکالرشپ چیکس کی شفاف اور منظم تقسیم کے طریقہ کار اور جامعہ کے اکیڈمک کیلنڈر اور اس کے شیڈول کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تعلیمی و انتظامی سرگرمیوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے، امتحانی اور داخلہ امور میں مؤثر رابطہ کاری اور طلبہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔ شرکائنے اس امر پر اتفاق کیا کہ تعلیمی کیلنڈر پر مؤثر عمل درآمد اور تمام متعلقہ امور کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے متعلقہ افسران اور شعبہ جات کو ہدایت کی کہ داخلہ ٹیسٹ، امتحانات، فیسوں کی وصولی اور اسکالرشپس کی تقسیم کے تمام مراحل شفافیت، نظم و ضبط اور مقررہ ضوابط کے مطابق مکمل کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ مؤثر تعلیمی منصوبہ بندی، بروقت فیصلے اور ادارہ جاتی تعاون طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کرنے اور جامعہ کی مجموعی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔