جامعیت اور پائیدار ترقی کے لیے پاکستان کا وژن دوحہ اعلامیہ کی روح سے ہم آہنگ ہے، صدر مملکت آصف علی زرداری کا عالمی سربراہی کانفرنس سے خطاب

دوحہ/اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے سماجی انصاف، جامع ترقی اور عالمی یکجہتی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے غربت کے خاتمے، مہذب کام کو فروغ دینے اور سب کیلئے برابری اور انسانی حقوق کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ صدر مملکت منگل کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں سماجی ترقی کے لیے دوسری عالمی سربراہی کانفرنس سے خطاب کررہے …

دوحہ/اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے سماجی انصاف، جامع ترقی اور عالمی یکجہتی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے غربت کے خاتمے، مہذب کام کو فروغ دینے اور سب کیلئے برابری اور انسانی حقوق کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ صدر مملکت منگل کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں سماجی ترقی کے لیے دوسری عالمی سربراہی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
صدر مملکت نے دوحہ سیاسی اعلامیہ کے لیے مکمل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جامعیت اور پائیدار ترقی کے لیے پاکستان کا وژن دوحہ اعلامیہ کی روح سے ہم آہنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوام کو پالیسی کے مرکز میں رکھنے پر ثابت قدمی سے کاربند ہے۔ صدر مملکت نے پاکستان کی ترقی کیلئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا حوالہ دیا جس نے معالی معاونت ، ہیلتھ کیئر اور تعلیم کے ذریعے 90 لاکھ خاندانوں کو بااختیار بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام عالمی سطح پر سماجی تحفظ کے بہترین ماڈلز میں سے ایک کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے پائیدار ترقی کے اہداف کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ پانچ سال میں خواندگی کو 90 فیصد تک بڑھایا اور ہر بچے کے سکول جانے کو یقینی بنایا جائے گا۔ صدر مملکت نے نیشنل یوتھ انٹرنشپ پروگرام اور گرین اینڈ ریزیلینٹ ہائوسنگ پراجیکٹس جیسے اقدامات کا بھی ذکر کیا جن کا مقصد نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور مینگروو بحالی جیسے فطرت پر مبنی حل کے ذریعے کلائمیٹ ریزیلینس کو مضبوط بنانا ہے۔
صدر مملکت نے پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا اور اسے 240 ملین پاکستانیوں کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ دوحہ اعلامیہ کو عملی شکل دینے کے لئے عالمی مالیاتی اصلاحات، قرضوں میں ریلیف، مساوی ٹیکس اور وسیع سماجی تحفظ کی ضرورت ہے اور دنیا کو وقار، مساوات اور یکجہتی کے تین ستونوں کے اردگرد متحد ہونا چاہئے۔
صدر مملکت نے فلسطین میں نسل کشی، نسل پرستی اور بڑے پیمانے پر فاقہ کشی کی مذمت کرتے ہوئے ایک منصفانہ اور دیرپا امن کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کشمیری عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ انصاف اور حق خودارادیت کے حصول میں دونوں جدوجہد ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ترقی کا آغاز اور اختتام لوگوں کی بہتری سے ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تمام اختلافات سے بالاتر ہو کر ہمدردی اور ترقی کی راہ پر گامزن ہونا چاہئے۔