وزیراعلی مریم نواز کے ویژن کے تحت چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب کے زیرِ کفالت بچوں کو معیاری تعلیم اور زندگی میں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔
چیئرپرسن سارہ احمد کی بیورو کی زیر کفالت بچیوں کو شاندار کامیابی پر مبارکباد

مزید خبریں
لاہور۔13ستمبر (اے پی پی):وزیراعلی مریم نواز کے ویژن کے تحت چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب کے زیرِ کفالت بچوں کو معیاری تعلیم اور زندگی میں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ تعلیم کے ذریعے بچوں کو معاشرے کے باعزت، خودمختار اور کامیاب شہری بنانا بیورو کی ترجیحات میں شامل ہے۔چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب میں رہائش پذیر تین بچیوں نے اپنی محنت، قابلیت اور شاندار تعلیمی کارکردگی کی بدولت پنجاب یونیورسٹی میں میرٹ پر داخلہ حاصل کرلیا ہے۔داخلہ حاصل کرنے والی بچیوں میں مناہل شہباز نے بی ایس مینجمنٹ، فرح شہباز نے بی ایس سوشیالوجی جبکہ سعادیہ ضیا نے ایم ایس سی سوشیالوجی پروگرام میں میرٹ پر داخلہ حاصل کیا ہے۔چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب سارہ احمد نے تینوں بچیوں کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی ان کی محنت، عزم اور تعلیمی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔سارہ احمد نے کہا کہ بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ معیاری تعلیم اور روشن مستقبل کے مواقع فراہم کرنا چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ہر بچے کو تعلیم کے ذریعے اپنے خواب پورے کرنے کا حق اور موقع ملنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کے ویژن کے مطابق بیورو کے زیرِ کفالت بچوں کو تعلیم، ہنر اور زندگی میں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، تاکہ یہ بچے مستقبل میں معاشرے کے باعزت، خودمختار اور کامیاب شہری بن سکیں۔چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں تین بچیوں کا میرٹ پر داخلہ دیگر زیرِ کفالت بچوں کے لیے بھی ایک حوصلہ افزا مثال ہے۔ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو بچوں کی تعلیم و تربیت اور ان کے روشن مستقبل کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گا۔







