ٹوکیو ۔30جون (اے پی پی):جاپان جدید ترین ہولوگرافی پر مشتمل نئے کرنسی نوٹ تین جولائی سے جاری کرنا شروع کر دے گا۔ان کرنسی نوٹس پر دنیا میں جدید ترین ہولوگرافی کا پہلا استعمال کیا گیا ہے جس میں تاریخی شخصیات کے تھری ڈی پورٹریٹ دکھائی دیں گے ۔ ایک رپورٹ کے مطابق جاپان میں 20 سال میں پہلی بار ڈیزائن کی تبدیلی میں، 10,000 ین، 5,000 ین، اور 1,000 ین کے نوٹ پر موجودہ ورژنز کے مقابلے زیادہ بڑے نمبر پرنٹ کیے جائیں گے،تاکہ تمام لوگ، عمر اور قومیت سے قطع نظر، انہیں آسانی سے پہچان سکیں ۔
نوٹ پر خصوصی نشانات بصارت سے محروم افراد کو چھونے اور بتانے کی سہولت دیں گے کہ وہ کون سا بینک نوٹ رکھے ہوئے ہیں۔ایچی شی بو ساوا،جن کو جاپانی سرمایہ داری کے باپ کے نام سے جانا جاتا ہے کی تصویر 10,000 ین کے نوٹ پر دکھائی دے گی ، جس کی پشت پر ٹوکیو سٹیشن کی سرخ اینٹوں کی عمارت کی تصویر کشی کی گئی ہے۔5000 ین کے نوٹ میں ماہر تعلیم یومیکو سوڈا کو دکھایا جائے گا، جنہوں نے اپنی زندگی کے دوران معاشرے میں خواتین کی حیثیت کو بلند کرنے کی کوشش کی۔ قدیم زمانے سے جاپان میں پالے جانے والے ویسٹیریا کے پھول الٹی طرف نظر آئیں گے۔1,000 ین کے نوٹ میں مائیکرو بایولوجسٹ شیباسابورو کٹاساتو کی تصویر کا استعمال کیا جائے گا، جنہیں تشنج کے علاج میں ان کی شراکت کے لیے "جدید جاپانی طب کا باپ” کہا جاتا ہے۔نوٹ کی دوسری طرف "دی گریٹ ویو آف کناگاوا”ہے، جس میں بڑی لہروں اور ماؤنٹ فوجی کو دکھایا گیا ہے۔جاپانی حکومت کے مطابق، اگلے سال مارچ کے آخر تک تقریباً 7.5 بلین نئے بینک نوٹ چھاپے جا چکے ہوں گے۔ نئے بلوں کے متعارف ہونے کے بعد بھی موجودہ بینک نوٹ قابل استعمال رہیں گے۔اعداد و شمار کے مطابق جاپان میں، 2023 کے آخر میں 18.54 بلین بینک نوٹ گردش میں تھے۔