جاپان کے عالمی شہرت یافتہ ریسلر انوکی انتقال کرگئے

ٹوکیو۔1اکتوبر (اے پی پی):جاپان کے عالمی شہرت یافتہ ریسلر انوکی 79 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔جاپانی خبر رساں ادارے کے مطابق ریسلر انوکی کچھ عرصے سے خرابی صحت کے سبب ہسپتال میں داخل تھے جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔انوکی جاپانی عوام میں انتہائی مقبول تھے اور ان کی وفات پر حکومت اور عوام نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

انوکی پاکستان اور پاکستانی عوام سے بہت محبت کرتے تھے، 1979 میں پاکستانی جھارا پہلوان سے شکست کے بعد وہ پاکستان میں مقبول ہوئے ، انوکی نے جھارا پہلوان کی وفات کے بعد ان کے بھتیجے کو جاپان میں اپنی نگرانی میں تربیت دی، انوکی پاک بھارت امن کے فروغ کے لیے واہگہ بارڈر پر امن واک کرنا چاہتے تھے۔

انوکی نے عراق امریکا جنگ کے دوران صدام حسین سے ذاتی تعلقات کی بنا پر درجنوں جاپانی شہریوں کو رہائی دلوائی تھی اور انہوں نے صدام حسین کی دعوت پر ہی اسلام قبول کیا جبکہ انوکی کا اسلامی نام محمد حسین انوکی رکھا گیا تھا۔انوکی اپنی وفات تک جاپانی رکن پارلیمنٹ تھے اور چار دفعہ رکن پارلیمنٹ رہے۔