اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران جاپان کے لیے پاکستان کی برآمدات 24.21 فیصد کے اضافہ کے ساتھ 5 کروڑ ڈالر سے بڑھ گئی ہیں، جولائی 2021 سے ستمبر 2021 تک جاپان کو برآمد کی جانے والی بڑی مصنوعات میں ٹیکسٹائل، زراعت اور اشیائے خوردنی شامل ہیں، کورونا وبا کی وجہ سے سامان کی نقل و حمل کے حوالے سے مختلف رکاوٹیں دور ہونے کے بعد برآمدات میں مزید اضافہ کا امکان ہے۔
ٹوکیو میں پاکستانی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ دو سال سے پاکستانی سفارتخانہ برآمدات میں اضافہ کی حکمت عملی پر عمل کر رہا ہے اور اس سلسلہ میں مختلف مصنوعات کی جاپانی مارکیٹ میں رسائی بڑھانے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں جاپان کے لیے پاکستانی مصنوعات کی برآمدات کا حجم 4 کروڑ 11 لاکھ ڈالر تھا جو رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 5 کروڑ 6 لاکھ ڈالر رہا ہے۔ کورونا وبا کی وجہ سے بین الاقوامی تجارت کو درپیش چیلنجوں کے باوجود جاپانی کمپنیوں تک رسائی اور پاکستانی مصنوعات کے حوالے سے جاپان میں کاروباری افراد کو بہتر آگاہی،
اشیاء کے معیار کے تقاضوں کو بہتر طریقے سے پورا کرنے اور جاپانی خریداروں کے اعتماد کو جیتنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کے نتیجے میں پاکستانی برآمدات میں اضافہ کا رجحان ہے۔ کورونا وبا کی وجہ سے برآمد کنندگان کی مختلف تجارتی نمائشوں میں عدم شرکت کے باوجود جاپان میں پاکستان کے تجارتی مشن نے ان نمائشوں میں بھرپور نمائندگی کی ہے اور علاقائی کاروباری چیمبرز اور تجارتی تنظیموں کو پاکستان کے ساتھ کاروبار کے حوالے سے اپنا نقطہ نظر پیش کیا ہے۔
اس کے علاوہ سوشل میڈیا اور دیگر سرگرمیوں کے ذریعے لوگوں سے رابطے بڑھائے ہیں اور کاروباری طبقہ کو پاکستان میں تجارت کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے آگاہی فراہم کی ہے، چاول، مچھلی، آم، کھجور، کاٹن یارن اور دیگر مصنوعات کا پاکستان کی برآمدی اشیاء میں بڑا حصہ ہے۔
اس کے علاوہ کھیلوں کے سامان، طبی آلات، قالین، دستانوں، جرابوں اور چمڑے کی مصنوعات کی برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ نظر آ رہا ہے۔ وزارت تجارت کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران پاکستان کی مجموعی برآمدات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور جاپان کے لیے بھی پاکستانی برآمدات میں اسی طرح کے اضافہ کا رجحان ہے۔
ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے تعاون سے پاکستان کا تجارتی مشن مختلف ویبینارز، تقاریب اور ورچوئل اجلاسوں کے ذریعے پاکستانی برآمدکنندگان کے لیے مختلف مصنوعات اور شعبوں میں آسانی کے لیے کوشاں ہے۔ ٹوکیو میں حال ہی میں پاکستانی سفارتخانہ میں کھجوروں، نمک، آم، طبی آلات، دستکاری کے سامان اور فرنیچر کی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے لیے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران پاکستان سے انفارمیشن ٹیکنالوجی، مشاورتی خدمات، ہنرمند اور نیم ہنرمند افرادی قوت کی جاپان میں بڑھتی ہوئی طلب پوری کرنے کے لیے بھی موثر اقدامات کیے جائیں گے۔