جب بھی مشکل وقت آیا نواز شریف نے ملک کو بحرانوں سے نکالا،جس طرح پہلے قوم نے ان پر اعتماد کیا پھر اسی اعتماد کی ضرورت ہے، رانا ثنااللہ خان

105

فیصل آباد ۔ 22 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ و صوبائی صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) پنجاب رانا ثنااللہ خان نے کہاہے کہ نواز شریف حقیقی معنوں میں محسن پاکستان ہیں کیونکہ جب بھی پاکستان پرکوئی مشکل وقت آیا نواز شریف نے پاکستان کو بحرانوں سے نکالا ہے اسلئے جس طرح قوم نے2013 اور اس سے پہلے نواز شریف کی قیادت پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کیا تھا با لکل اسی طرح اگلے عام انتخابات میں بھی ایک بار نواز شریف کی دلیرانہ قیادت پر اسی اعتماد کی ضرورت ہے

تاکہ وہ قوم کے مینڈیٹ سے ایک بار پھر برسراقتدار آکر ملکی تعمیر و ترقی کا سفر وہیں سے شروع کریں جہاں 2018 میں چھوڑا تھا اور ایک مرتبہ پھر ملک کے کونے کونے میں میٹرو بسز، اورنج لائنز، موٹرویز، ایکسپریس ویز، میڈیکل کالجز، یونیورسٹیز، ہسپتالوں،سستی بجلی کے منصوبوں اور عوامی فلاح و خوشحالی کے پروگرامز کا آغاز کرتے ہوئے ملک کو تعمیر و ترقی کی شاہراہوں پر گامزن اور معیشت کی تباہی کے اس بھیانک دور کا ازالہ کیا جا ئے جس سے فتنے نے ملک کو دوچار کیاہے۔وہ ہفتہ کی رات چک نمبر31 ج ب خان پور امین پور بنگلہ فیصل آباد میں سوئی گیس کے منصوبہ کا افتتاح کرنے کے بعد اہل علاقہ کی طرف سے منعقدہ پروقارتقریب سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر سابق ممبران صوبائی اسمبلی میاں اجمل آصف، ظفر اقبال ناگرہ،مسلم لیگی عہدیداران، معززین حلقہ اور اہلیان علاقہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ جب نواز شریف کی حکومت کو ایک سازش کے تحت ہٹایا گیا اس وقت پاکستان کی حکومت رشیا اور ایران سے گیس کے معاہدے پر بات کر رہی تھی اور یہ معاہدہ با لکل تکمیل کے قریب تھا اور اگر نواز شریف کو کچھ وقت اور مل جاتا اور گیس کا یہ معاہدہ ہوجاتا تو آج پاکستان میں نہ تو گیس کی قلت ہوتی بلکہ سستی گیس ملنے سے انڈسٹری کا پہیہ برق رفتاری سے چلتا جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوتے اور غربت و بیروزگاری ختم ہونے سمیت ہماری برآمدات کے فروغ سے قیمتی زر مبادلہ کا حصول ممکن ہوتا۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ ملک و قوم کے دشمنوں کو یہ ترقی پسند نہ آئی اور پھر ایک ایسی سازش کی گئی جس کا خمیازہ اب پوری قوم مہنگائی کی صورت میں بھگت رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ فتنے نے جو بلند بانگ دعوے کرتا تھا کہ اس کے پاس معاشی ماہرین کی ایسی ٹیم موجود ہے جو چھ ماہ میں ملک میں دودھ و شہد کی نہریں بہادے گی، ایک کروڑ لوگوں کونوکریاں ملیں گی،پچاس لاکھ گھر تعمیر ہوں گے لیکن اس کے برعکس انہوں نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹتے ہوئے توشہ خانہ جیسی شرمناک مثالیں قائم کیں اور قوم کو آئی ایم ایف کے آگے ڈال دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اب مشکل حالات سے نکل آیا ہے اور اگر عوام نے نواز شریف کو دوبارہ مینڈیٹ دیا اور مسلم لیگ(ن) برسراقتدار آئی تو قوم دیکھے گی کہ ترقی کیا اور کیسے ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے اسے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے محفوظ بنایاحالانکہ اس وقت پوری دنیا نے پاکستان کا بائیکاٹ کیا لیکن دنیا نے دیکھا کہ پاکستان ترقی کی منازل طے کرتا اور آگے ہی آگے بڑھتا رہا۔انہوں نے کہا کہ2013 میں بھی پاکستان بحران کا شکار تھا،اس وقت دہشتگردی اور لوڈ شیڈنگ عروج پر تھی مگرمیاں نواز شریف نے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے دوراور دہشت گردی کے ناسور کو ختم کیا لیکن پھر2018 میں ایک تجربہ کیا اورایک فتنہ ملک پر مسلط کیا گیاجس نے ”چھوڑوں گا نہیں ” کے کلچر کو پروموٹ کیااور آج اس کا انجام قوم کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام نے دیکھا کہ جب ایک دو ماہ کیلئے پنجاب میں حمزہ شہباز کی حکومت آئی تو کتنی تیز رفتاری سے تعمیراتی و ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ شروع ہوا

لیکن فتنے نے با لآخر اسمبلی توڑ کر ایک بار پھر تعمیر وترقی کا سفر روک دیا لیکن عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہم انشااللہ اگلے انتخابات میں عوامی مینڈیٹ سے پھر مرکز اور پنجاب میں حکومت بنائیں گے اور عوام کی محرومیوں کا ازالہ کیا جا ئے گا حتیٰ کہ جب برسراقتدار آکر وہ سال دو سال بعد حلقہ میں آکر اپنے ووٹرز اور دوستوں، بھائیوں و بزرگوں سے پوچھیں گے کہ کوئی کام تو نہیں تو وہ کہیں گے کہ نہیں سب کام ہوگئے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کی مرکز اور صوبے میں حکومت بنانے کیلئے ضروری ہے کہ عوام مسلم لیگ(ن) اور نواز شریف پر اعتماد کرتے ہوئے شیر کے انتخابی نشان پر مہر لگائیں تاکہ گزشتہ چار سالوں میں ملک کو جن مشکلات اور بحرانوں کا شکار کیا گیا ان سے قوم کو نکال کر ایک بار پھر عوامی خوشحالی کے سفر کا آغاز کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ برسراقتدار آئے گی تو سی پیک کا منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچے گا،نئی صنعتی بستیاں آباد ہوں گی، کاروبار کو فروغ حاصل ہوگا، مہنگائی، غربت و بیروزگاری سے نجات ملے گی اور فتنے کی طرف سے تباہ کی گئی معیشت کو ایک بار پھر اڑان بھرنے کا موقع ملے گا اور مسلم لیگ کے گزشتہ دور حکومت میں جو شرح نمو تھی وہ اس سے بھی بڑھے گی اور کوئی غریب و بیروزگار نہیں رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ فتنے نے چار سال میں ملک میں کوئی ڈھنگ کاکام نہیں کیا نہ ملکی تعمیر وترقی کی جانب کوئی توجہ دی، نہ پچاس لاکھ گھر بنائے، نہ ایک کروڑ نوکریاں دیں بس نوجوان نسل کو تباہ کرکے ان کا مستقبل تاریک کرکے رکھ دیااور صرف افراتفری پھیلائی ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی قوم کی خدمت کی ہے اور وہ یقین دلاتے ہیں کہ اگر عوام نے ایک بار پھر ان پر اعتماد کیا اور انہیں ووٹ دیکر کامیاب بنایا تو مسلم لیگ (ن) پہلے سے بھی زیادہ جوش و جذبے کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ جب آپ نے نواز شریف اور مسلم لیگ(ن) پر اعتبار کیاتو اس نے آپ کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائی اور اپنے تمام وعدے پورے کئے اور آئندہ بھی عوامی خدمت کا سفر جاری رکھا جا ئے گا۔

رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ آپ لوگوں کا مطالبہ تھا کہ آپ کے گاؤں میں گیس ہووہ مطالبہ آج پورا ہونے جارہا ہے جبکہ آپ کے جو دیگرمطالبات ہیں انہیں بھی ہر صورت پورا کیاجا ئے گا۔رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ آپ کی خدمت اور آپکے علاقے کی ڈویلپمنٹ کے کام کرنا ہماری ذمہ داری ہے جس میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جا ئے گی۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کے جانثار بھرپور طریقے سے انتخابات کی تیاری کریں تاکہ آئندہ انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرکے اپنے محبوب قائد کی قیادت میں ایک بار پھر ملک کو تعمیر و ترقی کی شاہراہوں پر گامزن کیا جاسکے۔