اسلام آباد ۔ 5 ستمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ یوم دفاع پاکستان ہمیں افواج پاکستان اور قوم کے اس جذبہ اور بہادری کی یاد دلاتا ہے جس کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہوں نے پچپن سال قبل آج کے دن دشمن کے ناپاک عزائم کوخاک میں ملا دیا تھا۔ اس دن ہماری برَی، بحری اورفضائی افواج نے مثالی جراتمندی اور پیشہ ورانہ مہارت …
جذبہ ستمبر 1965ءہمارے دلوں میں آج بھی زندہ ہے ، ہماری افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، جنگی تیاری اورسب سے بڑھ کرجذبہ ایمانی نے آج پاکستان کوناقابل تسخیر بنا دیا ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کایوم دفاع و شہدا پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 5 ستمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ یوم دفاع پاکستان ہمیں افواج پاکستان اور قوم کے اس جذبہ اور بہادری کی یاد دلاتا ہے جس کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہوں نے پچپن سال قبل آج کے دن دشمن کے ناپاک عزائم کوخاک میں ملا دیا تھا۔ اس دن ہماری برَی، بحری اورفضائی افواج نے مثالی جراتمندی اور پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی، آزمائش کے ان لمحات میں نہ صرف افواجِ پاکستان بہادری سے لڑی بلکہ قوم کا ہرفرد اور ہر طبقہ وطن کا محافظ بن گیا تھا۔ آج کے دن پوری قوم شہدائِ وطن کو سلام پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے اہل خانہ کے جذبہ استقلال کو بھی خراج تحسین پیش کرتی ہے، جنہوں نے وطن کی حفاظت اور سلامتی کی خاطر اپنے پیاروں کی قربانی دی۔یوم دفاع و شہدا 6ستمبر2020ءکے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ جذبہ ستمبر 1965ءہمارے دلوں میں آج بھی زندہ ہے اور میں بڑے فخرسے کہہ سکتا ہوں کہ اس کی بدولت ہم بہت سے امتحانوں میں سرخرو ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ ہماری افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، جنگی تیاری اورسب سے بڑھ کرجذبہ ایمانی نے آج پاکستان کوناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔ مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ دفاعی میدان میں ہم خودانحصاری کی منزل حاصل کرچکے ہیں۔ ہماری افواج سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ملک کے اندرونی استحکام اور تعمیروترقی میں بھی بھرپورکردار ادا کر رہی ہیں۔ صدر نے مزید کہا کہ ہم نے خطے کے امن اور سلامتی کیلئے بھی مثبت اور سنجیدہ کوششیں کی ہیں مگر بدقسمتی سے ہمارا ازلی دشمن آج بھی ہمارے خلاف جارحانہ عزائم رکھتا ہے۔ وہ ہمارے اندرونی استحکام کونقصان پہنچانے کی خفیہ سازشوں میں بھی ملوث ہے۔ اس کا یہ جارحانہ رویہ خطے کے امن اوراستحکام کیلئے بہت بڑا خطرہ ہے تاہم ہماری پالیسی اٹل اور واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے دفاع اورسلامتی پر ہرگز سمجھوتا نہیں کریں گے اور دشمن کی کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ آج ہم اپنے اس عہد کی بھی تجدید کرتے ہیں کہ ہم کشمیریوں کی اصولی حمایت جاری رکھیں گے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے حصول تک ان کا ساتھ دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات اورآزمائشوں میں حوصلے اورجراتمندی کا مظاہرہ کرنے والی اقوام مضبوط سے مضبوط تر ہوتی چلی جاتی ہیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہم نے بیرونی جارحیت کوشکست دی، دہشتگردی اور انتہاپسندی پرکامیابی سے قابو پایا اوراب ہم معاشی خوشحالی کی راہ پر گامزن ہیں۔ انہوں نے اپنے پیغام کے آخر میں ایک مرتبہ پھر مادروطن پر اپنی جانیں نچھاورکرنے والے عظیم ہیروز کوسلام عقیدت پیش کیا، اور کہا کہ آیئے آج کے دن ہم سب یہ عہد کریں کہ ہم اپنے دلوں میں جذبہ ستمبر بیداررکھتے ہوئے اپنے وطن کی سلامتی، تحفظ اورخوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔








