جسٹس (ر) ناصر الملک آئندہ نگران وزیراعظم ہوں گے ۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اتفاق رائے ہو گیا

اسلام آباد ۔ 28 مئی (اے پی پی) حکومت اور اپوزیشن کے درمیان آئندہ نگران وزیراعظم کے حوالے سے اتفاق رائے ہو گیا ہے جس کے مطابق جسٹس (ر) ناصر الملک آئندہ نگران وزیراعظم ہوں گے۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ …

اسلام آباد ۔ 28 مئی (اے پی پی) حکومت اور اپوزیشن کے درمیان آئندہ نگران وزیراعظم کے حوالے سے اتفاق رائے ہو گیا ہے جس کے مطابق جسٹس (ر) ناصر الملک آئندہ نگران وزیراعظم ہوں گے۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جمہوری تاریخ کا اہم دن ہے کیونکہ آئندہ عبوری وزیراعظم کے نام پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ اس معاملے پر قائد حزب اختلاف کے ساتھ کئی ملاقاتیں ہوئیں اور تقریباً چھ ہفتوں تک حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مشاورت ہوتی رہی۔ اس طرح ہم نے اپنی جماعت سے مشورہ کیا اور لیڈر آف اپوزیشن نے بھی اپنی جماعت سے ان ملاقاتوں کے حوالے سے مشاورت کی۔ انہوں نے کہا کہ بطور نگران وزیراعظم جن کے نام کو حتمی شکل دی گئی ہے، ان کا کردار بہت شفاف ہے۔ کوئی ان کے کردار پر انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں سپیکر سردار ایاز صادق کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے اس سارے معاملے میں اپنا آئینی کردار ادا کیا ہے۔ قبل ازیں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ نگران وزیراعظم کی تعیناتی کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہوا ہے۔ یہ تاریخی فیصلہ ہے اور جمہوریت کی فتح ہے۔ یہ پاکستان اور جمہوریت دونوں کے حق میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے وقتوں میں یہ بات ثابت ہوگی کہ یہ فیصلہ جمہوریت اور پاکستان کے حق میں ہے اور اس تسلسل کے حق میں ہے جس کے لئے ہم جدوجہد کر رہے ہیں۔ قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ وزیراعظم اور سپیکر کا شکر گزار ہوں کیونکہ نگران وزیراعظم کے حوالے سے فیصلہ انتہائی اہم تھا۔