جسٹس گلزار احمد نے نئے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھایا

اسلام آباد ۔ 21دسمبر(اے پی پی)جسٹس گلزار احمد نے نئے ہفتہ کو چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یہاں ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں ان سے عہدے کا حلف لیا۔ وزیراعظم عمران خان اور ان کی کابینہ کے اراکین، خاتون اول ثمینہ علوی، چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی، سندھ اور خیبر پختونخوا کے گورنرز، مسلح افواج کے سربراہوں، صوبائی ہائی …

اسلام آباد ۔ 21دسمبر(اے پی پی)جسٹس گلزار احمد نے نئے ہفتہ کو چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یہاں ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں ان سے عہدے کا حلف لیا۔ وزیراعظم عمران خان اور ان کی کابینہ کے اراکین، خاتون اول ثمینہ علوی، چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی، سندھ اور خیبر پختونخوا کے گورنرز، مسلح افواج کے سربراہوں، صوبائی ہائی کورٹس کے چیف جسٹسز، وفاقی محتسب، سابق چیف جسٹسز اور لیگل برادری کے سینئر اراکین نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ نئے چیف جسٹس کے خاندان کے ارکان میں ان کی والدہ سرتاج بیگم اور اہلیہ بیگم فوزیہ گلزار بھی تقریب میں شریک تھیں۔ تلاوت کلام پاک کے بعد صدر مملکت نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد سے عہدے کا حلف لیا جس کے بعد ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ حلف برداری کے بعد صدر اور وزیراعظم نے نئے چیف جسٹس سے ہاتھ ملایا اور مبارکباد دی۔ جسٹس گلزار احمد نے سابق چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی ریٹائرمنٹ کے بعد یہ عہدہ سنبھالا ہے۔ سابق چیف جسٹس 11 ماہ کے قریب اس عہدہ پر فائز رہے اور جمعہ کو اپنے عہدہ سے ریٹائرڈ ہو گئے تھے۔ جسٹس گلزار احمد بطور چیف جسٹس فروری 2022ء تک اپنے فرائض سرانجام دیںگے۔ 2 فروری 1957ء کو کراچی میں جنم لینے والے جسٹس گلزار احمد نے اپنے ابتدائی تعلیم گلستان سکول کراچی، بی اے کی ڈگری گورنمنٹ نیشنل کالج کراچی اور ایل ایل بی کا امتحان ایس ایم لاء کالج کراچی سے پاس کیا۔ 1988ء میں بطور ایڈووکیٹ ہائی کورٹ انررولمنٹ کے بعد وہ 2001ء میں سپریم کورٹ کے وکیل بنے۔ انہیں 1999-2000ء کے لئے سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کا اعزازی سیکرٹری منتخب کیا گیا۔ 27 اگست 2002ء کو وہ سندھ ہائیکورٹ کے جج تعینات ہوئے جبکہ 16 نومبر 2011ء کو ان کو سپریم کورٹ کا جج تعینات کیا گیا۔ جسٹس گلزار احمد نے 20 تا 28 نومبر 2018ء اور 13 تا 17 مئی 2019ء کے دوران بطور قائم مقام چیف جسٹس آف پاکستان اپنے فرائض ادا کر چکے ہیں۔

مزید خبریں