لاہور۔12مارچ (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے نائب صدر میاں محمد ایوب نے بلوچستان کے علاقے ڈھاڈر، بولان میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اور غیر انسانی فعل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سفاکانہ کارروائی کے ذریعے معصوم شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالی گئیں اور ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش کی گئی ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کسی بھی صورت قابل قبول نہیں اور نہ ہی ایسے سفاک عناصر کسی رعایت کے مستحق ہیں۔ بے گناہ مسافروں کو یرغمال بنانا انسانیت کے خلاف بدترین جرم ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو ان دہشت گرد عناصر کے خلاف پوری قوت کے ساتھ کارروائی کرنی چاہیے تاکہ آئندہ کوئی معصوم جان ان کے ناپاک عزائم کی بھینٹ نہ چڑھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=571816